بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

حجامہ کی کمائی


سوال

1- حجامہ کی کمائی کے بارے شریعت کا کیا حکم ہے؟

2-  مسجد میں نماز چھوٹ جائے تو کیا گھر میں اپنی زوجہ کے ساتھ باجماعت نماز پڑھ سکتے ہیں؟

جواب

1- حجامہ کی اجرت لینا شرعاً جائز  تو ہے، لیکن  بہتر نہیں ہے، حدیث شریف  میں حجامہ کی اجرت کو خبیث کہا گیا ہے،  اس  کو فقہاء نے ناپسندیدہ کے معنی میں لیا ہے ، یعنی لینا جائز تو ہے، لیکن پسندیدہ نہیں؛ کیوں کہ خود آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں ثابت ہے کہ آپ نے سینگی کھنچوانے کی اجرت ادا کی ہے، اگر یہ اجرت حرام ہوتی تو آپ ﷺ خود ادا نہ فرماتے؛ لہذا اس جملہ کا مطلب یہ ہوگا کہ سینگی کھینچنے والے کو اپنی اجرت کے طور پر جو مال ملتا ہے، وہ ناپسندیدہ ہے۔

‌صحيح البخاري: كِتَابُ البُيُوعِ (بَابُ ذِكْرِ الحَجَّامِ):

"2103. حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ حَدَّثَنَا خَالِدٌ هُوَ ابْنُ عَبْدِ اللَّهِ حَدَّثَنَا خَالِدٌ عَنْ عِكْرِمَةَ عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا قَالَ: احْتَجَمَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، وَأَعْطَى الَّذِي حَجَمَهُ، وَلَوْ كَانَ حَرَامًا لَمْ يُعْطِهِ".

ترجمہ:  حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: نبی ﷺ نے ایک دفعہ سینگی لگوائی اور لگانےوالے کو اجرت دی۔ اگر یہ (مزدوری) حرام ہوتی تو آپ ﷺ اسے نہ دیتے۔

2- جی پڑھ سکتے ہیں،  البتہ مرد آگے کھڑا ہو اور بیوی پیچھے صف میں ہو،  ساتھ کھڑی نہ ہو۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144012201565

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں