بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بے نمازی عورت کے شوہر کو کیا کرنا چاہیے؟


سوال

اگرکسی کی بیوی بے  نمازی ہو اور شوہر کے کہنے پر بھی نماز ادا نہ کرے تو شوہر کے لیے شرعی حکم کیا ؟

جواب

اگر کسی شخص کی بیوی بے نمازی ہو تو اسے چاہیے کہ اللہ تعالیٰ سے انتہائی خلوص اور تضرع کے ساتھ اس کی ہدایت اور نمازی بننے کی دعا کرے، تمام مخلوق کے دل اسی کے قبضہ قدرت میں ہیں، وہ جس کا دل چاہے کسی بھی وقت پلٹ سکتاہے۔ نیز محبت اور نرمی سے تنہائی میں نماز کی اہمیت اور نماز کے فضائل سنائے، حکمِ الٰہی کی عظمت اس کے سامنے بیان کرے،  تاکہ دل میں اللہ تعالیٰ کی محبت اور حکمِ الٰہی کی عظمت پیدا ہونے کی وجہ سے نماز کا شوق پیدا ہوجائے، سختی سے بات کرنے سے حتیٰ الامکان پرہیز کرے،اسی طرح عار دلانے، شرمندہ کرنے اور کسی دوسرے کے سامنے ذلیل کرنے سے بھی بچے، البتہ کبھی کبھی اگر کچھ سختی کرنا  یا خفگی کا اظہار کرنا مفید معلوم ہو تو اس پر بھی عمل کرنا چاہیے، لیکن نماز نہ پڑھنے پر بیوی کو مارنا جائز نہیں ہے۔ غرض نہ تو بہت زیادہ سختی سے کام لینا چاہیے جس کی وجہ سے وہ نماز سے ہی متنفر ہوجائے اور نہ ہی بالکل کوشش ہی چھوڑ دینا چاہیے۔

نماز کے فضائل اور اہمیت دل میں پیدا کرنے کے لیے حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندہلوی رحمہ اللہ کی کتاب ’’فضائلِ اعمال‘‘ گھر میں رکھیں، ہوسکے تو گھر میں اس کی تعلیم کریں، ورنہ اہلیہ کو مطالعے کی تلقین کریں۔

شوہر کے ذمہ کوشش ہے؛ لہٰذوہ  مایوس ہوئے بغیر کوشش کرتا رہے، باقی ہدایت تو اللہ کے ہاتھ میں ہے، جب اللہ چاہیں گے ہدایت دے دیں گے، اللہ تعالیٰ سے اچھی امید اور اچھا گمان رکھنا چاہیے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144008200342

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں