بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

22 شوال 1445ھ 01 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

بیٹا پیدا ہوا تو اس کا نام آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نام پر رکھنے کی نذر ماننا اور کیا شہیر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ناموں میں سے ہے؟


سوال

میں آٹھ ماہ کے حمل سے ہوں، ڈاکٹر نے مجھے بتایا کہ یہ بیٹا ہے، میں نے منت مانی تھی کہ  اگر بیٹا پیدا ہوا  تو میں محمد ﷺ  کے ناموں میں کوئی نام رکھوں گی، مجھےشہیر نام بہت پسند ہے، اکثر خواب میں بھی دیکھتی ہوں کہ میرا بیٹا پیدا ہوا ہے اور اس کا نام میں ”محمد شہیر“ رکھتی ہوں، کیا یہ حضرت محمد ﷺ کے ناموں میں سے ہے؟

جواب

”شہیر“  کے معنی ہیں”بہت زیادہ مشہور، معروف“  نیز یہ آپ ﷺ کے صفاتی ناموں میں سے بھی ہے، (حدیقۃ الصفا فی اسماء النبی المصطفیٰ ﷺ , تالیف:مخدوم سید محمد ہاشم ٹھٹھوی رح)۔

 لہذا اگر اللہ تعالیٰ آپ کو بیٹے کی نعمت سے نوازیں تو  آپ اس کا نام ”محمد شہیر“ رکھ سکتی ہیں۔

تاہم دو باتیں ملحوظ رہیں:

(1)  حمل بیٹا ہے یا بیٹی ہے، اس کا علم صرف اللہ رب العزت کے پاس ہے، ڈاکٹر حضرات کی بات محض ظنی اور تخمینی ہوتی ہے، لہذا  اس متعلق ان کی بات پر کلی اعتماد نہ کیا جائے، اور اللہ تعالیٰ بیٹا یا بیٹی جو بھی نعمت سے نوازیں اس پر اس کا شکر گزار ہونا چاہیے۔

(2) نذر کے منعقد ہونے کی من جملہ شرائط میں سے ہے کہ وہ عبادتِ مقصودہ ہو، اور اس کی جنس میں سے  کوئی فرض  عبادت ہو، مباح چیزوں کی نذر لازم نہیں ہوتی، لہذا آپ نے جو یہ نذر مانی کہ ”  اگر بیٹا پیدا ہوا  تو میں محمد ﷺ  کے ناموں میں کوئی نام رکھوں گی“ اس سے یہ نذر لازم نہیں ہوئی ہے، آپ اس کے علاوہ بھی کوئی نام رکھنا چاہیں تو رکھ سکتی ہیں۔

البتہ ”محمد شہیر “ نام بھی اچھا ہے، یہ بھی رکھ لیں تو ٹھیک ہے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144104200224

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں