بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

برا خواب دیکھنے کی صورت میں کیا کرے؟


سوال

میری بیوی کی بہن کی بیٹی نے میری بیوی کو فون پر بتایا کہ میں نے آپ دونوں کے بارے میں برا خواب دیکھا ہے تو آپ کچھ جان کا صدقہ کردیں اپنی طر ف سے۔کیا اس طرح بتانا درست ہے یا کسی کے بارے میں کوئی  برا خواب دیکھیں تو کوئی اور طریقہ اختیار کریں ؟

جواب

حدیث شریف میں آتا ہے کہ جو شخص برا خواب دیکھے تو اسے چاہیے کہ اس کو کسی سے ذکر نہ کرے اور کچھ نماز پڑھ لے، لہذا آپ کی اہلیہ کی بہن کی بیٹی نے جو برا خواب دیکھا ہے تو ان سے کہہ دیں کہ اس خواب کو کسی سے ذکر نہ کریں، باقی آپ اور آپ کی اہلیہ کو چاہیے کہ اللہ تعالی کی طرف رجوع مضبوط رکھیں۔ نیز صدقہ بلاؤں کو رفع کرتا ہے اور  پریشانیوں اور مصیبتوں سے بچنے کا بہترین راستہ ہے؛ اس لیے صدقہ بھی کریں تو بہتر ہے۔

واضح رہے کہ خواب میں موت یا ظاہری طور پر نقصان وغیرہ دیکھنے کی تعبیر ہمیشہ موت یا دنیوی نقصان نہیں ہوتی، بلکہ بعض اوقات خواب برا معلوم ہوتاہے، لیکن تعبیر  ویسی نہیں ہوتی ہے، اور بعض اوقات خواب اچھا معلوم ہوتاہے، لیکن تعبیر مناسب نہیں ہوتی۔

سنن ابن ماجه ت الأرنؤوط (5/ 62):
"عن أبي هريرة، عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: "الرؤيا ثلاث: فبشرى من الله، وحديث النفس، وتخويف من الشيطان، فإذا رأى أحدكم رؤيا تعجبه فليقصها إن شاء، وإن رأى شيئا يكرهه، فلا يقصه على أحد، وليقم يصلي".

ترجمہ: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: خواب تین قسم کے ہیں: اللہ تعالیٰ کی طرف سے بشارت، انسان کے خیالات، اور شیطان کی طرف سے ڈراؤنے خواب۔ لہٰذا اگر تم میں سے کوئی ایسا خواب دیکھے جو اسے بھلا معلوم ہو تو وہ کسی سے بیان کردے اگر وہ چاہے، اور اگر کوئی ناپسندیدہ چیز دیکھے تو اسے کسی سے بیان نہ کرے، بلکہ اٹھ کر نماز پڑھ لے۔ فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144105201137

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں