بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

برا بھلا کہنے والے شوہر سے پریشان


سوال

میرے شوہر کا مزاج اور میرا مزاج بالکل مل نہیں پاتا، اکثر وہ کسی بھی بات پر مجھے گالیاں  دیتے ہیں یا برا بھلا کہتے ہیں۔ ویسے گھر کا پورا خرچہ اٹھاتے ہیں، اس میں کوئی پریشانی نہیں ہے، مجھے ان کے بارے میں کچھ پڑھنے کے لیے بتادیجیے جس سے وہ میرے ساتھ بہتر معاملہ کریں۔ اور لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ ہم عمر ہونے کی وجہ سے ہے، ان کی اور میری عمر ایک ہی ہے۔

جواب

قطع نظر اس بات کے کہ میاں بیوی ہم عمر ہیں یا نہیں، اسلام نے شوہر کو بیوی پر فوقیت دی ہے،  جس کی تفصیل یہ ہے کہ ہر اجتماعی نظام کے لیے عقلاً اور عرفاً یہ ضروری ہوتا ہے کہ اس کا کوئی سربراہ یا امیر اور حاکم ہوتا ہے کہ اختلاف کے وقت اس کے فیصلہ سے کام چل سکے، جس طرح ملک و سلطنت اور ریاست کے لیے اس کی ضرورت سب کے نزدیک مسلم ہے، اسی طرح قبائلی نظام میں بھی اس کی ضرورت ہمیشہ محسوس کی گئی اور کسی ایک شخص کو قبیلہ کا سردار اور حاکم مانا گیا ہے، اسی طرح اسی عائلی نظام میں جس کو خانہ داری کہا جاتا ہے اس میں بھی ایک امیر اور سربراہ کی ضرورت ہے، عورتوں اور بچوں کے مقابل ہمیں اس کام کے لیے حق تعالی نے مردوں کو منتخب فرمایا کہ ان کی علمی اور عملی قوتیں بہ نسبت عورتوں اور بچوں کے زیادہ ہیں اور یہ ایسا بدیہی معاملہ ہے کہ کوئی سمجھ دار عورت یا مرد اس کا انکار نہیں کر سکتا؛ لہذا سائلہ کا اپنے شوہر کے اس مرتبہ کو ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔ اگر شوہر کے احترام اور خدمت گزاری میں سائلہ کی طرف سے کمی ہو تو اسے پورا کرے اور اگر پہلے سے ہی فرماں بردار ہے تو خدمت جاری رکھے، اور اللہ تعالیٰ سے سچے دل سے دعا کرتی رہے، امید ہے کہ ان شاء اللہ بہت جلد شوہر کے دل میں بیوی کی قدر  ومنزلت بیٹھ جائے گی۔ 

نیز سائلہ  إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ سَيَجْعَلُ لَهُمُ الرَّحْمَنُ وُدًّا (سوره مریم، آیت96) آپس کی محبت کے اضافے کی نیت سے پڑھتی رہا کرے تو ان شاء اللہ یہ بھی مفید ثابت ہوگا۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144010200260

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں