بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

ایزی پیسہ کے فری منٹس


سوال

موبائل  کمپنیاں جیسے Telenor, Zong اور Mobilink وغیرہ اپنے صارفین کےلیے  ایزی پیسہ, زونگ پے اور جازکیش کے نام سے اکاؤنٹ کھولتی ہیں ان اکاؤنٹ میں ایک خاص رقم رکھنے پر صارفین کو فری منٹ, میسج یا MBs روزانہ 24 گھنٹے کے لیے اس شرط پر دیتی ہیں کہ صارف اپنے اکاؤنٹ کا مہینے میں کم از کم ایک باراستعمال کرےگا . صارف اس اکاؤنٹ سے اپنی کمپنی کے دوسرے اکاؤنٹ میں مفت جب کہ دوسری موبائل کمپنی کے اکاؤنٹ ، بینک یا کسی شخص کے شناختی کارڈ نمبر پر رقم کی ایک خاص شرح پر کٹوتی پر رقم بھیج سکتا ہے. صارف اپنے اکاؤنٹ سے کسی بھی کمپنی کے نمبر پر بغیر کٹوتی کے ایزی لوڈ کر سکتا ہے. صارف جب چاہے اپنے اکاؤنٹ سے اپنی رقم ایک خاص شرح کٹوتی سے نکال سکتا ہے. پوچھنا یہ ہے کہ شریعت اسلامی کے مطابق ان منٹوں, میسج وغیرہ کا استعمال ٹھیک ہے یا نہیں؟ یا رقم بھیجنے یا وصول کرنے کے لیے  اس اکاؤنٹ کااستعمال جائز یا نہیں؟ کیوں کہ کسی بھی شہر میں پیسے بھیجنے یا وہاں سے پیسے منگوانے پر بینک بھی ایک خاص شرح سے رقم کاٹتے ہیں؟ 

جواب

اکاؤنٹ ہولڈر  جو مخصوص رقم کمپنی میں جمع کراتا ہے، یہ درحقیقت قرض ہے، اور قرض دینا فی نفسہ جائز ہے، لیکن کمپنی اس مخصوص رقم(قرض) جمع کرانے کی شرط پر اکاؤنٹ ہولڈر کو یومیہ فری منٹس اور میسیجز وغیرہ کی سہولت فراہم کرتی ہے، یہ قرض پر مشروط منافع ہے یہ  شرعاً ناجائز ہے؛  اس لیے کہ قرض پر شرط لگا کر نفع اٹھانے کو نبی کریم ﷺ نے سود قرار دیا ہے۔ (مصنف بن أبی شیبہ، رقم: ۲۰۶۹۰)

 اگر اکاؤنٹ کھلوانے میں یہ نفع  ملنے کی شرط نہ ہو، اور  ایزی پیسہ اور موبی کیش سے مقصود فقط رقم کی منتقلی ہوتواس حد تک اس اکاؤنٹ کااستعمال درست ہوگا (جو عموماً نہیں ہوتا) ایسی صورت میں رقم منتقلی پر اگر کمپنی صارف سے کچھ رقم (بطور سروس چارجز) وصول کرتی ہے تو یہ بھی درست ہے۔

فتاوی شامی میں ہے:

" وفي الأشباه: کلّ قرضٍ جرّ نفعاً فهو حرام". ( ج: ۵، ص: ۱۶۶، ط: سعید)فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144001200339

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں