بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

امریکا میں تعلیم حاصل کرنا


سوال

میں تعلیم کے لیے امریکا جانا چاہتا ہوں،  لیکن وہاں جانے کے لیے انگلش ٹیسٹ پاس کرنا ضروری ہے، جناب میں نے وہ ٹیسٹ تین بار دیا تینو ں بار فیل کیا، جناب کوئی ایسا وظیفہ بتائیں  کہ میرا یہ ٹیسٹ بھی پاس ہو جائے، امریکا کا ویزا بھی لگے اور میں اللہ تعالیٰ سے جو جائز چیز مانگوں اللہ وہ مجھے دے ۔

جواب

باجماعت پنج وقتہ نمازوں کا اہتمام کریں اور تمام گناہوں سے مکمل پرہیز کریں۔ جائز حاجت کے لیے صلاۃ الحاجت کی نیت سے دو رکعت نفل پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے مانگا کریں، اور جب تک حاجت پوری نہ ہو پڑھ کر دعا کرتے رہیے۔

اور اپنا ہر کام استخارے سے کریں،  اور استخارہ کی حقیقت یہ ہے کہ بندہ اللہ تعالی سے خیر طلب کرتا ہے،  یعنی یہ دعا کرتا ہے کہ جس کام میں میرے لیے خیر اور بہتری ہو،  وہی کام میرے لیے مقدر فرمادیجیے، جو کام میرے لیے بہتر نہیں وہ مجھے کرنے ہی نہ دیجیے۔  لہذا استخارہ کرچکنے کے بعد جس کام کی طرف رجحان ہو وہی کام کرلینا چاہیے۔ اور اسی میں اپنے لیے بھلائی اور بہتری سمجھنی چاہیے۔ استخارہ کے بعد خواب دیکھنا ضروری نہیں،آپ کا قلبی رجحان جس طرف ہے وہی کام کرلیجیے اور اسی میں بھلائی سمجھیے۔

 جس کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ دن یا رات میں کسی بھی وقت بشرطیکہ وہ نفل کی ادائیگی کا مکروہ وقت نہ ہو، دو رکعت نفل استخارہ کی نیت سے پڑھیں، نیت یہ ہو کہ میرے سامنے یہ معاملہ یا مسئلہ ہے ، اس میں جو راستہ میرے حق میں بہتر ہو ، اللہ تعالی اس کا فیصلہ فرمادیں ۔ سلام پھیر کر نماز کے بعد استخارہ کی مسنون دعا مانگیں جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے تلقین فرمائی ہے، استخارہ کی مسنون دعا:

" اَللّٰهُمَّ إِنِّيْ أَسْتَخِیْرُكَ بِعِلْمِكَ، وَ أَسْتَقْدِرُكَ بِقُدْرَتِكَ، وَ أَسْأَلُكَ مِنْ فَضْلِكَ الْعَظِیْمِ ، فَاِنَّكَ تَقْدِرُ وَ لاَأَقْدِرُ، وَ تَعْلَمُ وَلاَأَعْلَمُ، وَ أَنْتَ عَلاَّمُ الْغُیُوْبِ اَللّٰهُمَّ إِنْ کُنْتَ تَعْلَمُ أَنَّ هٰذَا الْأَمْرَ خَیْرٌ لِّيْ فِيْ دِیْنِيْ وَ مَعَاشِيْ وَ عَاقِبَةِ أَمْرِيْ وَ عَاجِلِه وَ اٰجِلِه، فَاقْدِرْهُ لِيْ، وَ یَسِّرْهُ لِيْ، ثُمَّ بَارِکْ لِيْ فِیْهِ وَ إِنْ کُنْتَ تَعْلَمُ أَنَّ هٰذَا الْأَمْرَ شَرٌ لِّيْ فِيْ دِیْنِيْ وَمَعَاشِيْ وَ عَاقِبَةِ أَمْرِيْ وَ عَاجِلِه وَ اٰجِلِه، فَاصْرِفْهُ عَنِّيْ وَاصْرِفْنِيْ عَنْهُ ، وَاقْدِرْ لِيْ الْخَیْرَ حَیْثُ کَانَ ثُمَّ اَرْضِنِيْ بِه".

دعاکرتے وقت جب”هذا الأمر“ پر پہنچے تو اگر عربی جانتا ہے تو اس جگہ اپنی حاجت کا تذکرہ کرے یعنی ”هذا الأمر“  کی جگہ اپنے کام کا نام لے، مثلاً: ”هذا السفر“ یا ”هذا النکاح“  یا ”هذه التجارة“  یا ”هذا البیع“ کہے ، اور اگر عربی نہیں جانتا تو ”هذا الأمر“  کہہ کر دل میں اپنے اس کام کے بارے میں سوچے جس کے لیے استخارہ کررہا ہے ۔

امتحان میں کامیابی کے لیےایک  مجرب عمل

۱۔’’یانَاصِرُ ‘‘ہرنمازکے بعداکیس مرتبہ پڑھیں،اس کے ساتھ ساتھ محنت سے بھی غافل نہ ہوں، تدبیرکرنابھی ضرری ہے۔

۲۔روزانہ فجر کی نمازکے بعد’’یاعَلِیمُ‘‘ 150مرتبہ پڑھ لیاکریں،اورامتحان کے روزاس کی کثرت کریں۔(ملفوظات اشرفیہ)

واضح رہے کہ دنیا میں ہر حاجت پوری ہونا ممکن نہیں ہے، جائز حدود میں رہ کر اپنی استطاعت کے بقدر جائز اسباب اختیار کرکے نتائج اللہ تعالیٰ کے حوالے کردینے چاہییں، اور یہ دعا کرتے رہنا چاہیے کہ اگر یہ کام یا یہ چیز میرے حق میں بہتر ہو تو مجھے عطا ہوجائے اگر یہ بہتر نہ ہو تو اس کا نعم البدل نصیب فرمادیجیے۔

اور بامقصد کاموں اور بامقصد چیزوں میں مجھے مشغول رکھیے، جو چیز یا کام میرے مقدر میں ہے اس میں مجھے الجھا مت چھوڑئیے۔ آخر الذکر مضمون بعض مسنون دعاؤں میں منقول ہے اور پہلا مضمون بزرگوں کی دعاؤں کا معمول ہے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144102200233

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں