بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

امراض سے شفا کے لیے دعا


سوال

میرا دماغی توازن کچھ ٹھیک نہیں ، لوگ میرے بارے میں کہتے ہیں یہ پاگل ہے، میں روز صلاۃ الحاجات پڑھ کر تمام امراض سے شفایابی کی دعا کرتا ہوں ، میں مسلسل یہ دعاکررہا ہوں، لیکن تاحال قبولیت نظر نہیں آئی، کیا میں اس کو جاری رکھوں ؟یا میں کیا کروں ؟

جواب

اللہ تعالی کی رحمت سے امید رکھیں، مایوس نہ  ہوں، آزمائش کی یہ گھڑیاں درحقیقت آپ  کی استقامت کا امتحان  ہے، اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھتے ہوئے ثابت قدم رہیں گے تو کامیاب ہوجائیں گے،  مشکل وقت بھی انسان کی تربیت کے لیے آتا ہے، اللہ تعالی کسی انسان کو اس کی طاقت سے زیادہ صبر آزما احوال میں مبتلا نہیں فرماتے۔مسلسل اس طرح سوچنا آپ کی ہمت توڑنے کا سبب ہے،لہذا اس سلسلہ میں زیادہ سوچ و بچارسے پرہیز کریں ،  روزانہ صبح و شام کچھ وقت نکال کر اللہ پاک کا شکر ادا کریں، (خواہ آپ کو یہ لگے کہ میں مصیبت میں ہوں)  اپنے سے زیادہ پریشان اور مصیبت زدہ لوگوں کے حالات دیکھیں اور شکر ادا کریں، آپ کا یہ عمل (شکر اداکرنا) آپ کے مسائل حل کرنے کا سبب بنے گا۔

 پنج وقتہ نماز  باجماعت کی پابندی اور ذکر و تلاوتِ قرآنِ مجید کی پابندی اور صلاۃ الحاجت کی ادائیگی کا سلسلہ  جاری رکھیے، اورمندرجہ ذیل   آیاتِ شفا پڑھ کر اپنے اوپر دم بھی کریں اورکھانے پینے کی اشیاء پر بھی  دم کرکے کھائیں ،اللہ تعالیٰ صحت عطا فرمائیں گے۔ آیاتِ شفا درج ذیل ہیں:

1-وَیَشْفِ صُدُوْرَ قَوْمٍ مُّؤْمِنِیْنَ

2-قَدْ جَآءَ تْکُمْ مَّوْعِظَةٌ مِّنْ رَّبِّکُمْ وَشِفٍآءٌ لِّمَا فِی الصُّدُوْرِ

3-یَخْرُجُ مِنْ بُطُوْنِهَا شَرَابٌ مُّخْتَلِفٌ اَلْوَانُهُ فِیْهِ شِفَآءٌ لِّلنَّاسِ

4- وَنُنَزِّلُ مِنَ الْقُرْاٰنِ مَاهُوَ شِفَآءٌ وَّرَحْمَةٌ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ

5- وَاِذَا مَرِضْتُ فَهُوَ یَشْفِیْنِ

6-قُلْ هُوَ لِلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا هُدًى وَّشِفَآءٌ

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144106200622

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں