بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

اللہ تعالی کی ذات سے متعلق بعض وساوس کا حکم اور ان کاعلاج


سوال

1۔ مجھے اللہ  کی ذات اورصفات کے بارے میں بہت خیالات آتے ہیں جب بھی مخلوق کے دانت، دل، جگر، اسی طرح دیگر اعضاء پر جب نظر پڑتی ہے تو خیال آتا ہے کہ ایسے ہی اعضاء اللہ  پاک کے بھی ہوتے ہوں گے؟میں فوراً وسوسوں کو جھٹک دیتا ہوں فوراً توبہ کرتا ہوں دل میں کہتا ہوں اللہ  کی ذات یا ذات کے اعضاء مخلوق کی ذات یا اعضاء جیسا بالکل نہیں شیطان میرا عقیدہ خراب کر رہا ہے. اسی طرح جب ان سے باہر نکلتا ہوں توکچھ اس طرح بھی خیالات آتے ہیں ہمارے اعضاء چھوٹے ہیں اللہ  کی ذات بہت بڑی ہے اس کے اعضاء بہت بڑے ہوں گے ۔ میں پھر یہی سوچتا ہوں یہ سب حرکتیں شیطان میرا عقیدہ خراب کرنے کے لیے کر رہا ہے میرا اللہ  مخلوق سے مثل نہیں نہ ذات میں نہ اعضاء میں باقی چھوٹے بڑے کا کوئی تصور نہیں ہوتا.اسی طرح انسان جسم سے جو حرکتیں ہوتی ہیں ویسے ہی اللہ  کے بارے  میں خیال آتاے کہ اللہ  پاک بھی یہ عمل کرتے ہوں گے جب بھی کوئی چیز کھاؤں یا پیؤں وہی چیز کھانے پینے کا خیال اللہ کی ذات کے بارے میں آ تا ہے کہ وہ بھی یہ کھاۓ یا پییں گے کبھی یہ خیال بھی آتا ہے کہ جو کچھ کھانے پینے کا ہے وہ اللہ  پاک بھی ذائقہ چکھتے ہوں گے؟، ہچکی یا جمائی یا ڈکار لینا، اسی طرح انسان دانتوں پر برش یا مسواک کرنا،مجھے یہ عمل اللہ  کی ذات کے لیے  آتے ہیں اللہ  معاف کرے. وہ بھی یہ کرتے ہوں گے؟ کبھی خیالات میں آسمان سے زمین کی طرف بادل کی شکل کا لمبا لیکن انسان کی بناوٹ کا خاکہ نظرآتا ہے.  میں پھر بھی یہی کہتا یہ شیطان کی حرکتیں ہیں، میں ان وسوسوں کا ویسے علاج کرتا ہوں جیسے علماء فرماتے ہیں۔

آپ یہی بتا دیں میرا سوچنا ٹھیک ہے نہ؟ یہ شیطان کی حرکتیں ہے نہ؟ میرا سوچنا ٹھیک ہے؟ جب اس طرح کے وسوسے آئیں انسان ان کو برا نہ کہے نہ اچھا کہے، بس اتنا سوچے ان وسوسوں سے مجھے تکلیف ہوتی ہے اللہ  پاک، مجھے یہ نہ آئیں ان پر مثبت یا منفی کوئی جواب نہ دے، اس صورت میں ایمان کو تو کوئی نقصان نہیں ہوتا جب کہ عقیدہ یہ ہو جو نیچے آخرمیں درج ہے؟

2۔  کبھی اس طرح بھی خیالات آتے ہیں جیسے ہم حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجتے ہیں اللہ  پاک بھی بھیجتے  ہیں قرآن میں ہے. اسی طرح اللہ  پاک بھی نماز پڑھتے ہوں گے؟ وضو کرتے ہوں گے؟روزہ رکھتے ہوں گے؟ اسی طرح حج؟ کیا میرا سوچنا ٹھیک ہے مخلوق اللہ  کی عبادت کرتی ہے اللہ  بذات خود عبادت کے قابل ہے، یہ تمام عبادتیں اس کے لیے  ثابت نہیں کی جا سکتیں، باقی وہ ذات پاک ہے اسے وضو کی ضرورت نہیں. باقی وہ جو درودبھیجتا ہے حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم پر اس سے مراد رحمتوں کا نزول ہے میرا عقیدہ ٹھیک ہے؟

3۔  میرا عقیدہ آخری سانس تک یہی رہے گا اللہ  کی ذات اور صفات کا سارا علم وہ خود جانتا ہے انسانی عقل نہ تو اس کی ذات یا ذات کا کوئی حصہ نہ ہی اس کی کوئی صفت کو سمجھ سکتی ہے اور نہ ہی عقل میں کوئی ایسا علم آ سکتا ہے جو اس کی شان کو سمجھ لے.باقی شیطان عقیدہ خراب کرنے کے لیے  حرکتیں کرتا ہے اللہ  کی ذات کا علم وہ خود جانتا ہے اور جو وہ جانتا ہے ہم اس پر ویسے ہی ایمان رکھتے ہیں ہیں اور ہم کو اللہ  کی ذات پر سوچنے سے منع فرمایا گیا ہے میرا عقیدہ ٹھیک ہے نہ؟

جواب

واضح رہے کہ اللہ رب العزت کی ذات مجسم نہیں ہے، باری تعالی کی ذات جسم سے منزہ ہے، اسی طرح اللہ جل شانہ کی ذات کھانے پینے اور ان تمام باتوں سے مبرا وبےنیاز ہیں جومخلوق کا خاصہ ہیں، چنانچہ شرح العقائد میں لکھا ہے: ولا جسم لانه مترکب ومتحیز وذالک امارة الحدوث(ص:۳۹،ط: قدیمی)۔  لہذاسائل اپنے ان وساوس کو حتی الامکان دورکرنے کی کوشش کرے، معوذتین(سورہ فلق اور سورہ ناس) کا ورد کرے تاکہ شیطانی وساوس سے چھٹکارا مل سکے،  باقی سائل نے سوال کے اخیر میں اپنا جو عقائد لکھے ہیں وہ ٹھیک ہیں۔ سائل اپنے عقیدہ کی حفاظت اور وساوس سے بچاؤ کے لیے  کسی صاحب نسبت عالم دین سے اپنا تعلق جوڑدے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143709200029

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں