بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

ظہر کے بعد کون سی سورت پڑھنی چاہیے؟


سوال

ظہر کی نماز کے بعد کون سی سورت پڑھنی چاہیے؟

جواب

ظہر    کے بعد   کسی  سورت   پڑھنے   کے سلسلے میں ہمیں کوئی صراحت نہیں مل سکی۔

البتہ صبح  کے  وقت سورۂ  یس اور  رات   میں سورۂ   ملک اور سورۂ  واقعہ اور سورۂ  الم سجدہ   پڑھنے  کی فضیلت احادیث میں وارد ہوئی ہے ۔ 

مشکاۃ المصابیح میں ہے:

"وَعَنِ ابْنِ مَسْعُودٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «مَنْ قَرَأَ سُورَةَ  الْوَاقِعَةِ فِي كُلِّ لَيْلَةٍ لَمْ تُصِبْهُ فَاقَةٌ أَبَدًا». وَكَانَ ابْنُ مَسْعُودٍ يَأْمُرُ بَنَاتَهُ يَقْرَأْنَ بهَا فِي كل لَيْلَة. رَوَاهُ الْبَيْهَقِيّ فِي شعب الْإِيمَان".

(الفصل الثالث ، کتاب فضائل القرآن، جلد1، ص:668، ط: المکتب الاسلامی بیروت)

اور سورہ ملک کے فضائل کے بارے میں جو احادیث وارد ہوئی ہیں ان میں سے بعض تو مطلق ہیں یعنی کسی خاص وقت کی قید نہیں ہے، جب کہ بعض احادیث میں رات کو پڑھنے کا ذکر ہے، مثلاً  یہ  کہ رسول اللہ ﷺ رات کو سورہ ملک پڑھے بغیر نہیں سوتے تھے:

حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ سورہ سجدہ اور سورہ ملک پڑھے بغیر نہیں سوتے تھے۔

سنن الترمذی میں ہے:

’’حدثنا هريم بن مسعر، قال: حدثنا الفضيل بن عياض، عن ليث، عن أبي الزبير، عن جابر أن النبي صلى الله عليه وسلم كان لاينام حتى يقرأ الم تنزيل، وتبارك الذي بيده الملك‘‘.

(باب ماجاء فی فضل سورۃ الملک، جلد5ص:15، ط:دار الغرب الاسلامی بیروت)

حاصل یہ ہے کہ سورۂ واقعہ اور سورۂ ملک کی رات کو  تلاوت کرنے کی فضیلت حدیث میں وارد ہوئی ہے، البتہ کوئی مخصوص وقت حدیث میں منقول  نہیں ہے،   لیکن  چوں کہ آپ ﷺ کا معمول یہ تھا کہ سونے سے پہلے الم سجدہ  اور  سورۂ  ملک  پڑھ  کر سوتے  تھے اور ظاہر ہے کہ عشاء کی نماز ادا کرنے کے بعد ہی سونے کا معمول تھا، اس لیے رات مغرب یا عشاء کے بعد کسی بھی وقت سورۂ واقعہ  کی تلاوت کرلی جائے اور سوتے وقت سورۂ ملک کا اہتمام کیا جائے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144403102103

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں