بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

ذکری فرقہ کے عقائد اور ان کا حکم


سوال

 فرقۂ ذکری کے عقائد سے متعلق آگاہ کیجیۓ؟

جواب

ذکری فرقہ کے چندبنیادی عقائد مندرجہ ذیل ہیں:

1۔یہ لوگ اس بات کے قائل ہیں کہ سید محمد جونپوری مہدی آخرالزمان ہیں، نیز اس کو رسول بھی مانتے ہیں۔

2۔  ان  کاکلمہ الگ ہے،  چناں چہ ان کا کلمہ، اسلام کے کلمہ کے برعکس یہ ہے: "لاالہ الااللہ نور پاک محمد مھدی مراد اللہ"۔

 (بلوچستان گز یٹر جلد7آرہیو ز بلر1907ءمکران: ص119)

نیز یہ کبھی اپنا کلمہ یوں بھی پڑھتے ہیں: " لاالہ الااللہ نورپاک محمد مھدی رسول اللہ"۔(ملت بیضاء  ص10،عمدۃ الوسائل ص16)

نیز ان کا ایک کلمہ وہ ہے جسے وہ اپنی پنجگانہ تسبیحات میں پڑھتے ہیں:  "لاالہ الااللہ الملک الحق المبین نور محمد مھدی رسول اللہ صادق الوعد الأمین"۔ (ذکر توحید: ص9،14،16،مہدی تحریک: ص47)

3۔یہ لوگ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ختمِ نبوت کے منکر ہیں اور ملا محمد اٹکی کو خاتم النبیین مانتے ہیں۔(کیا ذکری مسلمان ہیں؟)

4۔یہ لوگ ملامحمد اٹکی کو نورِ خدا مانتے ہیں اور کہتے ہیں کہ تمام انبیاء کرام اور ملائکہ اس کے خدام  ہیں۔(کیا ذکری مسلمان ہیں؟)

5۔ یہ لوگ نماز کے منکر ہیں اور نماز کے بجائے پانچ وقت ذکر کرتے ہیں۔

(میں ذکری ہوں: ص7،عمدۃ الوسائل:  ص20،مکران تاریخ کے آئینہ میں:  ص10)

6۔نماز کی ادائیگی کو کفر سمجھتے ہیں اور اس کا مذاق اڑاتے ہیں۔(کیا ذکری مسلمان ہیں؟)

7۔یہ لوگ رمضان کے روزوں کے منکر ہیں۔(عمد ۃ الوسائل: صفحہ28)

 ذکریوں کی اپنی کتاب’’میں ذکری ہوں ‘‘میں یہ بھی  لکھا ہے کہ وہ رمضان کے بجائے دوسرے دنوں میں تین ماہ آٹھ دن روزوں کے قائل ہیں، وہ اس طرح کہ ہر دو شنبے،ایام بیض اور ذی الحجہ کے آٹھ، یہ کل تین ماہ آٹھ دن ہوگئے۔

(میں ذکری ہوں :ج1، ص7،37،38،39)

8۔ یہ لوگ حج بیت اللہ کے منکر ہیں، حج بیت اللہ کے بجائے ’’کوہِ مراد ‘‘میں جاکر حج کرتے ہیں، جوتربت (ضلع مکران) کے قریب ایک میل کے فاصلہ پر ایک پہاڑ ہے ۔(ماخوذاز مہدوی تحریک: ص71،عمد ۃالوسائل :ص29،30)

9۔یہ لوگ کعبۃ اللہ کے قبلہ ہونے کے قائل نہیں ۔(عمدۃ الوسائل: ص31)

10۔یہ لوگ جماع اور احتلام کے بعد غسل کے قائل نہیں۔ (عمدۃ الوسائل: ص33)

11۔میت کے لئے نماز جنازہ کے قائل نہیں، صرف دعا کرتے ہیں جوذکر خانہ میں ہوتی ہے (میں ذکری ہوں:ج1، ص45)

12۔ یہ لوگ زکوٰۃ کے منکر ہیں اور اس کے بجائے اپنے پیشواؤں کو دس فیصد ٹیکس دیتے ہیں۔(کیا ذکری مسلمان ہیں؟)

13۔ان کے نزدیک نصوص میں وارد "محمد" سے مراد ملا محمد اٹکی ہے۔(کیا ذکری مسلمان ہیں؟)

14۔ ان کے نزدیک وہ تمام مسلمان جو ملا محمد اٹکی کو نہیں مانتے کافر ہیں۔(کیا ذکری مسلمان ہیں؟)

15۔ قرآنِ کریم کو 40 پاروں پر مشتمل مانتے ہیں۔(کیا ذکری مسلمان ہیں؟)

درج بالا عقائد کی بنیاد پر یہ لوگ دائرۂ اسلام سے خارج ہیں،  ان کے کافر ہونے میں کسی قسم کاکوئی شک وشبہ نہیں۔

(ملخص از أحسن الفتاوٰی: 1/187۔197، ط: سعید، کیا ذکری مسلمان ہیں؟(حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہید رحمۃ اللہ علیہ کا ایک تفصیلی فتوٰی) ، ط: مکتبہ بینات)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144307100344

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں