بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

زنیرہ نام کا معنی، تفصیل، اور رکھنے کا حکم


سوال

میں نے اپنی بیٹی کا نام "زنیرہ نور" رکھا ہے، اس کے معنی اور تفصیل بتا دیں کہ کیسا ہے؟

جواب

"زُنَّيرة" زاء کے ضمہ (پیش) اور نون کے تشدید اور فتحہ (زبر) کے ساتھ اس کا معنی ہے: چھوٹے چھوٹے پتھر۔ (لسان العرب،باب الزاء،ج:2،ص:330،ط:دار صادر بیروت)

اور "زِنِّيرة" زاء کےکسرہ (زیر) اور نون کے تشدید اور کسرہ (زیر) کے ساتھ اس کا معنی ہے: غور اور فکر سے دیکھنے والی عورت۔ (تاج العروس، زنر، ج:11، ص:453، ط:دارالھدایۃ)

زِنِّیْره: یہ ایک صحابیہ خاتون کا نام ہے  جو کہ ایک باندی تھیں، مدینہ ہجرت کرنے سے پہلے حضرت ابوبکر صدیق نے جن سات غلاموں کو آزاد کیا، ان سے حضرت زنیرہ بھی تھیں۔ آزاد ہونے کے بعد ان کی بینائی جاتی رہی تو ان سے قریش نے کہا: زنیرہ کی بینائی لات وعزی نے ختم کردی۔ حضرت زنیرہ نے جب یہ بات سنی تو فرمایا: قریش غلط کہہ رہے ہیں، ربّ بیت اللہ کی قسم، لات وعزی نہ کوئی نقصان پہنچاسکتے ہیں نہ کوئی نفع پہنچا سکتے ہیں۔ یہ بات ایسے ایمان ویقین کے ساتھ فرمائی کہ اللہ تعالیٰ نے ان کی بینائی واپس لوٹادی۔ (معرفة الصحابہ لابنی نعیم الاصبہانی، باب زنیرة رومیة، رقم:۷۰۲۴)
لہذا "زِنِّیْرَه" زاء پر زیر، اور نون پر تشدید اور زیر کے ساتھ چوں کہ ایک صحابیہ کا نام ہے، اور صحابہ وصحابیات کے نام رکھنا باعث برکت ہے ۔ لہذا اس تلفظ کےاعتبار سےنام رکھنا درست ہے، نیز اس کے ساتھ "نور" کا لاحقہ بھی لگاسکتے ہیں۔ البتہ زاء پر پیش، نون پر تشدید اور زبر کے ساتھ اس لفظ کے معنی نا مناسب ہیں؛ لہٰذا اس تلفظ کےاعتبار سےنام رکھنا درست نہیں ہے۔ فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144112200667

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں