بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

29 شوال 1445ھ 08 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

ضرورت سے زائد مکان اور دکان پر زکاۃ کا حکم


سوال

ضرورت سے زائد مکان اور دکان پر زکوٰۃ کا حکم بتا دیں۔

جواب

جو  زمین یا  گھر  رہائش کی نیت سے خریدا گیا  ہو تو اس پر  شرعاً زکات لازم نہیں ہوتی، اسی طرح سے جو دوکان اس غرض سے خریدی ہو کہ اس میں کاروبار کیا جائے گا تو اس دوکان کی ویلیو  پر بھی زکات واجب نہیں ہوتی، اسی طرح  پراپرٹی خریدتے وقت اگر  کوئی نیت نہیں کی ہو (کہ اس کو  بیچنا ہے یا رہائش اختیار کرنی ہے) تو اس پر بھی زکات نہیں ہے۔

البتہ جو پراپرٹی تجارت کی نیت سے لی ہو کہ اس کو فروخت کر کے نفع کمایا جائے گا تو ایسی تمام پراپرٹیزخواہ وہ دکان ہو یا مکان ہو   اگر نصاب کے بقدر ہوں تو  ہر سال ان کی موجودہ ویلیو کا حساب  کر کے کل کا ڈھائی فیصد بطور زکات ادا کرنا شرعا لازم  ہوگا۔

اور اگر پراپرٹی  دکان یا مکان کرایہ پر دی ہو تو اس پراپرٹی کی مالیت پر زکاۃ لازم نہیں ہوگی، البتہ اگر حاصل ہونے والا کرایہ جمع ہو اور پراپرٹی کا مالک پہلے سے صاحبِ نصاب ہو یا جمع شدہ کرایہ ساڑھے باون تولہ چاندی کی مالیت کے برابر یا اس سے زیادہ ہو تو سالانہ اس پر زکاۃ ادا کرنا لازم ہوگی۔ اور اگر کرایہ خرچ ہوجاتاہو، پس انداز نہ ہو تو اس کرائے پر زکاۃ نہیں ہوگی۔

فتاوی قاضی خان میں ہے:

"إذا آجر دارہ أو عبدہ بمائتی درهم لاتجب الزکوۃ ما لم یحل الحول بعد القبض في قول أبي حنیفة فإن کانت الدار و العبد للتجارۃ و قبض أربعین درهمًا بعد الحول کان علیه درهم بحکم الحول الماضي قبل القبض لأن أجرۃ دار التجارۃ و عبد التجارۃ بمنزلة ثمن مال التجارۃ في الصحیح من الروایة."

(الفتاوی الخانیة بھامش الفتاوی الهندیة، جلد1 ،کتاب الزکوۃ، فصل في مال التجارۃ، ط: مکتبة رشیدیة)

الفقہ الاسلامی و ادلتہ میں ہے:

"أما العقار الذي يسكنه صاحبه أو يكون مقراً لعمله كمحل للتجارة و مكان للصناعة فلا زكاة فيه".

( كتاب الزكوة، معني عروض التجارة، ٢/ ٧٨٧، ط: دار الفکر بیروت)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144502101841

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں