بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

زکات کی رقم سے عمرے پر بھیجنا


سوال

 اگر کوئی آدمی ایک غریب شخص کو زکوۃ کے پیسوں سے سے عمرہ پر بھیجنا  چاہے تو یہ جائز ہے اور عمرے پر تو آج کل تین لاکھ کے قریب پیسے خرچ ہوتے ہیں ہیں اب اتنی مقدار دینا نصاب تو نہیں بنتا؟

جواب

ساڑھے باون تولہ چاندی کا نصاب تقریبا ایک لاکھ تیس ہزار  روپےکے قریب ہے،اور  عمرے پر  آج کل تقریبًا اس سے زیادہ رقم خرچ ہوتی ہے،جب کہ کسی مستحق زکات کو ضرورت کے بغیر اتنی رقم دینا کہ وہ خود صاحبِ نصاب بن جائے مکروہ ہے، البتہ زکات ادا ہوجائے گی،باقی جس شخص  کے ذمہ زکات  لازم ہے،اگراُس نے کسی مستحقِ زکات کو  زکات کی رقم کا مالک بنادیا، اور پھر اس مستحق نے اسی  رقم سےعمرہ کی تمام ضروریات اور تقاضوں کو پورا کرکے  عمرہ ادا کیا تو اس صورت میں زکات  دینے والے کی زکات    ادا ہوجائے گی اور عمرہ کرنے والے کا عمرہ ادا ہوجائے گا۔

الدر المختار وحاشیہ ابن عابدین میں ہے:

"ويشترط ‌أن ‌يكون ‌الصرف (تمليكًا) لا إباحة كما مر (لا) يصرف (إلى بناء) نحو (مسجد و) لا إلى (كفن ميت وقضاء دينه)."

(کتاب الزکوۃ،باب المصرف،ج2،ص344،ط:سعید)

وفیہ ایضاً:

"(وكره إعطاء فقير نصابا) أو أكثر (إلا إذا كان) المدفوع إليه (مديونا أو) كان (صاحب عيال) بحيث (لو فرقه عليهم لا يخص كلا) أو لا يفضل بعد دينه (نصاب) فلا يكره فتح."

(کتاب الزکوۃ،باب المصرف،ج2،ص353،ط:سعید)

احسن الفتاوی میں ہے:

"مسکین کو اتنی زکوٰٰۃ دینا کہ اس پر حج فرض ہوجائے مکروہ ہے:

الجواب باسم ملہم الصواب:

اتنی رقم مد زکوٰۃ میں دینا مکروہ ہے کہ جس سے فقیر صاحب نصاب بن جائے،ہمارے دیار میں وجوب حج سے قبل ہی صاحب نصاب ہونا ظاہر ہے،لہذا اتنی رقم دینا کہ حج فرض ہوجائے بطریق اولیٰ مکروہ ہے،منقطع الحاج سے وہ شخص مراد ہے جو حج کے  لیے نکلا مگر سفر میں اس کا مال جاتا رہا،اس کو زکوٰۃ دینا بلاکراہت جائز ہے،عالم بلکہ عامی آدمی کو بھی اتنی زکوٰۃ نہیں لینا چاہیے...."

(کتاب الزکوٰۃ،ج4،ص304،ط؛ایچ ایم سعید)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144408101943

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں