بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

یاد دہانی اور ترغیب کی غرض سے واٹس ایپ پر درود شریف کا گروپ بنانا


سوال

اگر استغفار اور درود شریف کا مستقل معمول بنانے کے لیے یاد دہانی کے طور پر واٹساپ گروپ بنایا جائے، جس میں نہ کوئی درود پاک متعین کیا جائے نہ تعداد،اسی طرح نہ استغفار متعین کیا جائے،بس یاد دہانی اور ترغیب کی نیت سے شامل بہنیں درود شریف اور استغفار کر کے بتا دیا کریں، پھر ممکن ہو تو درود پاک کو جمع کر کے بطور ہدیہ روضہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پہ پہنچا دیا جائے، اور استغفار کا ثواب تمام امتِ مسلمہ کو پہنچا دیا جائے، وقتا فوقتا استغفار اور درود شریف کے فضائل بھی بھیجے جائیں ،یہ سب لازم سمجھے بغیر کیا جائے۔ تو ایسا کرنا درست ہے؟ اس سلسلہ کی وجہ سے معمول بن رہا ہے بہنوں کا، مگر  ریاکاری کی پریشانی ہوتی ہے،بار بار نیت کی توجہ بھی کرتے  ہیں کہ خالص اللہ کی رضا اور بطور ترغیب و یاد دہانی کی نیت رکھیں، اب آپ راہ نمائی فرما دیں اس بارے کیا حکم ہے؟

جواب

درود شریف کا پڑھنا نہایت سعادت مندی اور بابرکت عمل ہے،  مگر یہ نفل عمل ہے اورنفل اعمال انفرادی طور پر اداکرنا چاہیے۔ جتنا اخلاص اور اِخفا ہوگا امید ہے اجر بھی بڑھے گا، نیز خواتین کا ایسا واٹس ایپ گروپ بنانا  جس میں  خواتین شامل ہوں ، اگرچہ اس میں مرد نہ ہو تو  تب بھی کئی مفاسد کا پیش خیمہ  ہوسکتا ہے،  لہذا  واٹس ایپ پر ایسا گروپ بنانے سے احتراز کیا جائے، ہاں  صرف گھر کے افراد   آپس میں تربیت ، تذکیر اور ترغیب کی غرض سے  گھر والوں  (محارم) کا آپس میں   اس طرح  گروپ  بناسکتے ہیں ۔

باقی  دل  میں اخلاصِ  نیت کی تجدید کرتے  رہیں، اس گروپ بناکر عمل کرنے کو دین کا  حصہ  نہ سمجھیں،  اور  اس گروپ  میں  حصہ  نہ  لینے والوں کو ملامت بھی نہ کریں، اس طرح ان اعمال کے مجموعہ کو  ایصالِ  ثواب کردینے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108200401

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں