بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

وضو میں کلی ترک کر دینا


سوال

 کیاوضو میں کلی کے بغیر وضو صحیح ہوگا؟ اگر فرض کی جماعت نکل رہی ہو تو کیا صرف وضو کے فرائض ادا کرکے جماعت میں شامل ہو سکتے ہیں؟

جواب

وضو میں کلی کرنا  فرض نہیں ہے،  اس لیے اگر کبھی مجبوری میں کلی کرنے کو ترک کر دیا جائے تو ایسا کرنے سے بھی وضو درست ہو جائے گا، لیکن وضو کو اُس کی تمام سنتوں کی رعایت رکھ کے ادا کرنا چاہیے، اور کلی کرنا وضو میں سنت ہے، جماعت چھوٹنے کے عذر کی وجہ سے وضو کی سنتیں چھوڑنا درست نہیں ہے، البتہ وضو کچھ روانی سے کرلینا چاہیے؛ تاکہ جماعت میں شریک ہوسکے،جامعہ کے سابقہ فتاویٰ میں اسی طرح کے ایک سوال کے جواب میں تحریر ہے:

’’بصورتِ مسئولہ سننِ وضو کو پورا کرنا چاہیے، اگرچہ جماعت ختم ہوجائے، البتہ جماعت میں شریک ہونے کے لیے کوشش کی جائے؛ لأنّ النبيّ صلى اللہ علیه وسلم قال:

"أسبغوا الوضوء." (رواہ مسلم)

وفي المرقاۃ:

"أي: أتمّوہ بإتیان جميع فرائضه و سننه، و أکملوا واجباته."

فقط واللہ اعلم

الجواب صحیح                                                                                          کتبه

 نظام الدین شامزی                                                                               محمد فیض اللہ چاٹ گامی(11/10/1410)‘‘

ذیل میں وضو کے فرائض اور سنن درج کی جاتی ہیں:

وضو میں چار فرض ہیں :

1۔ منہ (چہرہ) ایک بار دھونا۔

2۔دونوں ہاتھوں کا ایک بار کہنیوں تک ( کہنیوں سمیت )دھونا۔

3۔ چوتھائی حصہ سر کا مسح کرنا۔

4۔ دونوں پاؤں کا (ٹخنوں سمیت) ایک بار دھونا۔

 وضو کی سنتیں یہ ہیں :

1- نیت کرنا ۔

2- بسم اللّٰہ سے وضو شروع کرنا۔

3- دونوں ہاتھوں کو گٹوں تک تین تین بار دھونا۔ پہلے دایاں اور پھر بایاں ہاتھ دھونا۔

4- دانتوں میں مسواک کرنا۔ (کم سے کم تین بار دائیں بائیں اوپر نیچے کے دانتوں پر)

5- داہنے ہاتھ سے پانی لے کر تین بار کلی  کرنا۔ (روزہ دار نہ ہو تو  غرارہ بھی کریں)

6- داہنے ہاتھ سے تین بار ناک میں پانی چڑھانا۔

7- بائیں ہاتھ سے ناک صاف کرنا۔

8- داڑھی کا خلال کرنا۔ یعنی انگلیوں کو گلے کی طرف سے داڑھی میں ڈال کر ایسے پھیرنا جیسے کنگھا کرتے ہیں۔

9- ہاتھ پاؤں کی انگلیوں کا خلال کرنا۔

10- وضو میں دھلنے والے ہر حِصّے کو تین بار دھونا۔

11- پورے سر کا مسح کرنا۔

12- کانوں کا مسح کرنا۔

13- ترتیب سے وضو کرنا۔

14- داڑھی کے جو بال منہ  کے دائرے سے باہر ہیں ان کا مسح کرنا۔

15-وضو میں دھلنے والے حصوں کو پے در پے دھونا یعنی ایک حِصّے کے سوکھنے سے پہلے دوسرے کو دھونا۔ 

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144206201021

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں