بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

وزیر اعظم کی قرضہ اسکیم کے تحت قرضہ لینے کا حکم


سوال

 وزیراعظم پاکستان کی موجودہ قرضہ سکیم سے ایک لاکھ لینا چاہ رہا تھا، مگر جب سنا کہ مجھے ایک لاکھ کے بدلے دو سالوں میں ایک لاکھ چھ ہزار روپے جمع کرانے ہوں گے تو میں نے قرض کو سود سمجھتے ہوئے رد کر دیا ہے۔ مجھے فتویٰ چاہیے تھا کہ اس قرض کو بلا سود کہا گیا تھا، مگر ایک لاکھ کے بدلے دو سالوں میں چھ ہزار اضافی لینا کس زمرے میں آتا ہے؟

جواب

سوال میں ذکر کردہ بیان کے مطابق ایک لاکھ قرض پر چھ ہزار روپے اضافی وصول کرنا سود ہے، اس لیے اس اسکیم کے تحت قرضہ لینا شرعاً ناجائز  اور حرام ہے۔

 ارشاد باری تعالی ہے:

﴿َأَحَلَّ اللّٰهُ الْبَیْْعَ وَحَرَّمَ الرِّبَا﴾(البقرة:275)

ترجمہ:” اللہ  تعالیٰ نے بیع کو حلال اور سود کو حرام قرارا دیا ہے ۔“
﴿فَإِن لَّمْ تَفْعَلُواْ فَأْذَنُواْ بِحَرْبٍ مِّنَ اللّٰهِ وَرَسُولِه﴾ (البقرة:278)
ترجمہ:” اگر تم سودی کاروبار سے باز نہیں آؤ گے تو اللہ  تعالیٰ اور اس کے رسول کی طرف سے اعلان جنگ سن لو۔“
﴿یَمْحَقُ اللّٰهُ الْرِّبَا وَیُرْبِیْ الصَّدَقَاتِ﴾(البقرة:276)
ترجمہ:” اللہ تعالیٰ سود کو گھٹاتے ہیں اور صدقات کو بڑھاتے ہیں۔“

اسی طرح بہت سی احادیثِ مبارکہ میں آپ صلی اللہ  علیہ وسلم نے سود کی قباحت بیان فرمائی ہے، ان میں سے چند احادیث مندرجہ ذیل ہیں:

"عن جابر بن عبدالله رضی الله تعالیٰ عنه قال: لعن رسول الله صلی الله علیه وسلم آکل الرّبا وموکله وکاتبه وشاهدیه، وقال: هم سواء“.  (رواه مسلم)  (البیوع، باب لعن آکل الرّبا وموکله، ص:297، رقم الحدیث:1598، ط: دارالسلام)
ترجمہ:”حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ  صلی اللہ  علیہ وسلم نے سود کھانے اور سود دینے اور سودی حسابات یا تحریر لکھنے والے اور سودی لین دین پر گواہ بننے والوں پر لعنت فرمائی ہے، اور فرمایا کہ یہ سب لوگ گناہ میں برابر ہیں۔“

"عن أنس بن مالك رضي الله تعالیٰ عنه قال: ”خطبنا رسول الله صلی الله علیه وسلم فذکر أمر الرّبا وعظَّم شانه وقال: إن الدّرهم یصیبه الرّجل من الرّبا أعظم عندالله الخطیئة من ستّة وثلاثین زنیةً یزنیها الرّجل، وإن أربی الرّبا عرض الرّجل المسلم“. ( الزواجر، الکبیرة الرابعة والثمانون بعد المائة، أکل الربا وإطعامه الخ:378/1،ط:دارالفکر)
ترجمہ:” حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ آپ صلی اللہ  علیہ وسلم نے ہم سے خطاب فرمایا اور سود کا خاص تاکید او راہتمام سے ذکرکرتے ہوئے فرمایا:  ایک سودی درہم حاصل کرنا اللہ  کی نظر میں چھتیس (36) مرتبہ زنا کرنے سے زیادہ سخت گناہ ہے۔  اور فرمایا: سب سے بڑا سود یہ ہے کہ مسلمان کی آبرو پر حملہ کیا جائے۔“

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144112201325

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں