وانیہ نام ٹھیک ہے؟
"وانیہ" عربی زبان کا لفظ ہے جس کا مادہ " ونی "ہے، جس کے درج ذیل معانی آتے ہیں:
1- سُست 2- لاغر جسم 3- ہلکی خوش گوار خوشبو۔ ( دیکھیے: القاموس الوحید: مادة:ونی، ص:1902، ط۔ ادارہ اسلامیات)
تیسرے معنی کے اعتبار سے بچی کا نام" وانیہ " رکھنے میں حرج نہیں، تاہم دیگر معانی مناسب نہیں ہیں؛ لہٰذا معنی کے لحاظ سے یہ نام اچھا نہیں ہے؛ اس لیے اس کے بجائے کوئی اچھا بامعنی نام یا کسی صحابیہ رضی اللہ عنہا کے نام پر نام رکھ لیں۔
ہماری ویب سائٹ کے سرور ورق پر اسلامی ناموں کے سیکشن میں حروف تہجی کی ترتیب سے لڑکوں اور لڑکیوں کے منتخب نام موجود ہیں، جنس اور حرف کا منتخب کرکے نام کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
تفسیرِ معارف القرآن (مفتی محمد شفیعؒ) میں ہے:
"افسوس ہے کہ آج کل عام مسلمان اس غلطی میں مبتلا ہیں، کچھ لوگ تو وہ ہیں جنہوں نے اسلامی نام ہی رکھنا چھوڑ دیے، ان کی صورت و سیرت سے تو پہلے بھی مسلمان سمجھنا ان کا مشکل تھا، نام سے پتا چل جاتا تھا، اب نئے نام انگریزی طرز کے رکھے جانے لگے، لڑکیوں کے نام خواتینِ اسلام کے طرز کے خلاف خدیجہ، عائشہ، فاطمہ کے بجائے نسیم،شمیم، شہناز، نجمہ، پروین ہونے لگے۔ اس سے زیادہ افسوس ناک یہ ہے کہ جن لوگوں کے اسلامی نام ہیں: عبدالرحمٰن، عبدالخالق، عبدالرزّاق، عبدالغفار، عبدالقدوس وغیرہ ان میں تخفیف کا یہ غلط طریقہ اختیار کرلیا گیا کہ صرف آخری لفظ ان کے نام کی جگہ پکارا جاتا ہے رحمٰن، خالق، رزّاق، غفار کا خطاب انسانوں کو دیا جارہا ہے۔ اور اس سے زیادہ غضب کی بات یہ ہے کہ ’’قدرت اللہ‘‘ کو ’’اللہ صاحب‘‘ اور ’’قدرت خدا‘‘ کو ’’خدا صاحب‘‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ یہ سب ناجائز و حرام اور گناہِ کبیرہ ہے، جتنی مرتبہ یہ لفظ پکارا جاتا ہے اتنی ہی مرتبہ گناہِ کبیرہ کا ارتکاب ہوتا ہے، اور سننے والا بھی گناہ سے خالی نہیں رہتا۔"
(معارف القرآن، ج:4، ص:132، ط:معارف القرآن کراچی)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144206200400
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن