بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 شوال 1445ھ 02 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

والدین کی اجازت کے بغیر تبلیغ میں جانے کا حکم


سوال

میں تعلیم مکمل ہونے کے بعد تبلیغی جماعت میں چار ماہ  کے لیے  جانا چاہتا ہوں،  لیکن  چھوٹا بیٹا ہونے کی وجہ سے والدین کی ذمےداری ہے اور ان کی حق تلفی اور ناراضگی کا ڈر ہے۔ اس صورت میں مجھےکیا کرنا چاہیے؟

جواب

آپ کا یہ کہنا کہ ’’والدین کی ذمے داری ہے‘‘ اگر اس کا یہ مطلب ہو کہ والدین کی خدمت کرنے والا آپ کے علاوہ کوئی نہیں اور ان کی خدمت کی ذمے داری آپ پر ہے یا وہ کمانے کے لائق نہیں ہیں اور انہیں کماکر کھلانا آپ کی ذمے داری ہے تو ایسی صورت میں ان کی خدمت و خرچے کا انتظام کرکے اور اجازت لے کر ہی جانا جائز ہوگا، بغیر اجازت نکلنا جائز نہیں ہوگا۔

اور اگر اس کا یہ مطلب ہو کہ آپ کے خرچے کی ذمے داری والدین نے اٹھارکھی ہے، اس کے علاوہ آمدن کا کوئی ذریعہ نہیں ہے تو  اگر وہ آپ کی خدمت کے محتاج نہ ہوں اور آپ کے علاوہ کوئی اور ان کی خدمت کرنے والا موجود ہو تو ایسی صورت میں بہتر ہے کہ والدین کی اجازت کے بعد ہی نکلا جائے، تاہم اجازت کے بغیر بھی جانے کی گنجائش ہوگی، جب کہ ان کو آپ کی  کسی طرح ضرورت نہ ہو۔

فتاوی عالمگیری میں ہے:

"وقال محمد - رحمه الله تعالى - في السير الكبير إذا أراد الرجل أن يسافر إلى غير الجهاد لتجارة أو حج أو عمرة وكره ذلك أبواه فإن كان يخاف الضيعة عليهما بأن كانا معسرين ونفقتهما عليه وماله لا يفي بالزاد والراحلة ونفقتهما فإنه لا يخرج بغير إذنهما سواء كان سفرا يخاف على الولد الهلاك فيه كركوب السفينة في البحر أو دخول البادية ماشيا في البرد أو الحر الشديدين أو لا يخاف على الولد الهلاك فيه وإن كان لا يخاف الضيعة عليهما بأن كانا موسرين ولم تكن نفقتهما عليه إن كان سفرا لا يخاف على الولد الهلاك فيه كان له أن يخرج بغير إذنهما وإن كان سفرا يخاف على الولد الهلاك فيه لا يخرج إلا بإذنهما كذا في الذخيرة."

(كتاب الكراهية، الباب السادس والعشرون في الرجل يخرج إلى السفر ويمنعه أبواه أو أحدهما،5/ 365، ط: رشيدية)

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144403101202

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں