بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

تنخواہ میں والدین کا حق کیا ہے؟


سوال

میرا سوال یہ ہے کہ کیا اولاد اپنے ماں باپ کو  اصل تنخواہ سے کم بتا سکتی ہے جیسا کہ میری اصل تنخواہ 38000 ہے تو میں نے گھر میں 32000 بتائی ہے اور پوری کی پوری تنخواہ میں گھر بھیجتا ہوں جس میں سے تھوڑی سی مجھے گھر والے دوبارہ بھیج دیتے ہیں یعنی 3000 مہینہ بھیجتے ہیں اور میرا خرچہ تھوڑا زیادہ ہے تو کیا میں نے کم تنخواہ بتا کے بہت بڑا گناہ کیا ہے ؟ کیوں کہ میرا خرچہ زیادہ ہے اس لیے مجھے یہ سب کرنا پڑا پلیز میری رہنمائی فرمائیں ۔

جواب

واضح رہے کہ والدین کا اپنی اولاد کے مال یا  تنخواہ  میں شرعاً  کوئی حصہ مقرر نہیں، البتہ  ضرورت مند والد ین کا نفقہ اس کے بیٹے پر لازم ہے،  نیز فقہاءِ کرام  نے لکھا ہے کہ  اگر والد محتاج اور غریب ہو اور اپنی اولاد کے مال کا محتاج ہو  تو ایسی صورت میں والد اپنے بیٹے کے مال میں سے بقدرِ ضرورت لے کر استعمال کرنے کا حق رکھتا ہے،  اور اس میں اولاد سے اجازت لینے کی ضرورت بھی نہیں،لہذا والدین مطلقاً اپنی اولاد کے مال یا تنخواہ کے  کسی خاص  حصہ کے مالک نہیں ہیں، بلکہ یہ صرف احتیاج اور ضرورت کے ساتھ مقید ہے۔ اور اگر انہیں ضرورت نہ ہو تو والدین کے ساتھ حسنِ سلوک اور اِحسان کا تقاضا ہے کہ اولاد حسبِ استطاعت والدین کی خدمت کرتی رہےلہذا صورت مسئولہ میں سائل اگر اپنے خرچہ کے لیے کچھ رقم تنخواہ سے الگ کرتا ہے تو اس کو والدین سے چھپانے کی ضرورت نہیں ۔باقی اگر ان کے پوچھنے پر تنخواہ کم بتاتا ہے تو جھوٹ ہونے کی بناء پر جائز نہیں ۔

حاشیۃ السندی علی سنن ابن ماجہ میں ہے:

"وظاهر الحديث أن للأب أن يفعل في مال ابنه ما شاء، كيف وقد جعل نفس الابن بمنزلة العبد مبالغة، لكن الفقهاء جوزوا ذلك للضرورة. وفي الخطابي يشبه أن يكون ذلك في النفقة عليه بأن يكون معذورا يحتاج إليه للنفقة كثيرا، وإلا يسعه فضل المال، والصرف من رأس المال يجتاح أصله ويأتي عليه فلم يعذره النبي - صلى الله عليه وسلم - ‌ولم ‌يرخص ‌له في ترك النفقة وقال له: أنت ومالك لوالدك على معنى أنه إذا احتاج إلى مالك أخذ منه قدر الحاجة كما يأخذ من مال نفسه، فأما إذا أردنا به إباحة ماله حتى يجتاح ويأتي عليه لا على هذاالوجه، فلا أعلم أحدا ذهب إليه من الفقهاء."

(باب ما للرجل من مال ولدہ جلد ۲ ص: ۴۳ ، ۴۴ ط: دارالجیل)

التیسیر بشرح الجامع الصغیر میں ہے:

"عن أبي هريرةكل أحد أحق بماله من والده وولده والناس أجمعين) لا يناقضه ‌أنت ‌ومالك لأبيك لأن معناه إذا احتاج لماله أخذه لا أنه يباح له ماله مطلقا."

(حرف الکاف جلد ۲ ص: ۲۱۰ ط: مکتبة الامام الشافعي ۔ الریاض)

فقط و اللہ اعلم


فتوی نمبر : 144404101687

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں