میرے والد کا دو ماہ پہلے انتقال ہوا تھا، اس کے بعد میرے والد صاحب میرے خواب میں نہیں آئے، جب کہ میری بہنوں کے خواب میں آتے ہیں۔جواب کی درخواست ہے۔
اللہ تعالیٰ نے کسی شخص کے انتقال کے بعد اس کو یہ اختیار نہیں دیا کہ وہ اپنے اختیار سے کسی کے خواب میں آ جائے، پھر نہ تو اُس کے خواب میں آنے کو اس کی نجات کا معیار بنایا ہے اور نہ ہی خواب میں نہ آنے کو ناکامی کا سبب بتلایا ہے، اسی طرح مرحوم کی اولاد میں سے اگر کسی کو خواب میں اپنے والدین کی زیارت نصیب ہو جائے تو اس کو بڑی سعادت سمجھنا بھی غلط فہمی ہے اور جس کو زیارت نصیب نہ ہو اس کا اپنے آپ کو محروم سمجھنا بھی شرعاً درست نہیں، لہذا کسی کے انتقال کے بعد اُس کو خواب میں دیکھنے کی تمنا کرنا اور اسی کو کامیابی کا معیار سمجھنا درست نہیں۔
اگر کسی کو اچھی حالت میں دیکھ لیں تو اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں، اگر خواب میں زیارت نہ ہو تو اس میں کوئی محرومی کی بات نہیں۔ فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144201200188
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن