بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

ووٹ کی شرعی حیثیت


سوال

جمہوری نظام میں ووٹ کے استعمال کا شریعت میں کوئی حیثیت ہے یا نہیں ؟ پھر اس کو خاص فرد کو دینا ضروری ہے یا آپ کی مرضی ہے جس کو بھی اچھا سمجھے اس کو دیں ؟

جواب

ووٹ کی شرعی حیثیت شہادت ،وکالت،سفارش اور امانت  کی ہے ۔یعنی ایک ووٹر جب کسی کو ووٹ دیتا ہے تو گویا اس کے دین ،اخلاق ،اصابتِ رائے ،صلاحیت اور صالحیت کی شہادت دیتا ہے ،اسی کو اپنے سیاسی معاملات کا وکیل بناتا ہے،اور اسی کے انتخاب کی سفارش کرکےقومی امانت کے بار امانت کو منتخب نمائندہ کے سپرد کرتا ہے۔

ان چاروں حیثیتوں میں نیک ،صالح ،ملک و ملت کے خیر خواہ کو ہی ووٹ دینا چاہیے ،اور  مذکورہ صفات کے حامل کو ووٹ دیناشہادت صحیحہ ،اچھی سفارش ، جائز وکالت اور امانت داری کی وجہ سے  موجب ثواب ہے ،اور اسي طرح  نااہل غیر متدین کو ووٹ دینا جھوٹی شہادت ،بری شفاعت ، ناجائز وکالت اور خیانت کی وجہ سے موجب گناہ بھی ہے ۔

پس  مذکورہ صفات کے حاملوں کو ہی ووٹ دیا جائے ،اور اگر امیدواروں میں سب ہی نااہل ہیں تو جس کو شر میں دوسروں کی بنسبت کم سمجھے اسی کو ووٹ دے ،اور نہ دینے میں بھی مضائقہ نہیں ہے۔

جواہر الفتاوی میں ہے :

’’حضرت مفتی اعظم مولانا مفتی محمد شفیع دیوبندی رحمہ اللہ نے اپنی تفسیر معارف القرآن اور جواہر الفقہ میں لکھا ہے جس کا خلاصہ یہ ہے :کہ شرعی اعتبار سے ووٹ دینا در اصل اس بات کی شہادت دینا ہوتا ہے کہ جس کو ووٹ دیا جارہا ہے وہ اس کی نمائندگی کے لیے اہل ہے اس کے اندر تمام صفات و اہلیت کی تمام شرائط لازمی موجود ہیں ،نیز ووٹ دینا ایک شرعی امانت داری ذمہ داری کو ادا کرنا ہوتا ہے ،ووٹ دینے والا ووٹ دے کر قومی امانت کے بار امانت کو منتخب نمائندہ کے سپرد کرتا ہے،تیسرے اس میں وکالت بھی ہوتی ہے کہ ووٹ دینے والا شخص ،نمائندہ کو اپنا وکیل بنا دیتا ہے کہ وہ جو کچھ کرے گا اس کے گناہ و ثواب  میں ووٹ دینے والا بھی شریک ہوگا ۔‘‘

(جواہر الفتاوی،ج:3،ص:350،اسلامی کتب خانہ )

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144506100551

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں