بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

21 شوال 1445ھ 30 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

ووٹ کو بیچ سکتے ہیں یا نہیں؟


سوال

موجودہ حالات میں ووٹ کو بیچنا کیسا ہے ؟ ووٹ کو بیچ سکتے ہیں  یا نہیں ؟

جواب

کسی امیدوار کو ووٹ دینے کا مطلب یہ ہے کہ ووٹر امیدوار کو اپنا نمائندہ بنا کر ایوان میں بھیجنے کی سفارش کرتا ہے، لہذا جس شخص کو ووٹ دیا جائے اس میں ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی صلاحیت ہونا ضروری ہےاوریہی صلاحیت ووٹ دینے کا معیارہے،کسی لالچ، خوف یا معاوضہ کی بنا پر ووٹ دینا درست نہیں اور غیر مستحق یا ایسے شخص کو ووٹ دینا جس میں اقتدار کی ذمہ داریاں اٹھانے کی صلاحیت نہیں ہے قومی خیانت ہے۔ نیز ووٹ میں شہادت یعنی گواہی کا معنی بھی موجود ہے کہ ایک ووٹر جب کسی کو ووٹ دیتا ہے تو گویا اس بات کی گواہی دیتا ہےکہ یہ شخص ایوان میں جا کر ملک و قوم کی خدمت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔

مذکورہ تمہید سے یہ بات واضح ہو گئی کہ ووٹ کو بیچنایعنی کسی خاص امیدوار کو ووٹ دینے کے عوض کچھ رقم وغیرہ وصول کرنا شرعاً حرام ہے۔

مفتی اعظم ہند مفتی کفایت اللہ دہلوی رحمہ اللہ تقسیمِ ہند سے قبل ایک سوال کے جواب میں تحریر فرماتے ہیں:

’’ہندوستان کی حالت بہت نازک ہے انتخاب کا معاملہ بہت سخت ذمہ داری کا ہے رائے دینے والوں پر فرض ہے کہ وہ اس شخص کو رائے دیں جو نیک اور سمجھدار اور ملک و قوم کا خیر خواہ ہو روپیہ لے کر غیر مستحق کو رائے دینا حرام اور ملک و قوم کی خیانت و غداری ہے اور مستحق کو پیسہ لے کر رائے دینا رشوت ہے اگر مستحق کو  رائے دینے والا خود پیسہ نہ مانگے اور وہ خود دے دے تو خیر مباح ہوسکتا ہے لیکن غیر مستحق کو رائے  دینا کسی طرح بھی حلال نہیں ۔‘‘

( کفایت المفتی، کتاب السیاسات، تیسرا باب: سیاست ملکی و ملی،9/352، ط: دار الاشاعت)

فتاویٰ بینات میں مفتی ولی حسن ٹونکی رحمہ اللہ کے ایک فتویٰ میں ہے:

’’ووٹ کی خرید و فروخت حرام اور ناجائز ہے،کیوں کہ ووٹ ایک حق ہے اور حق کی خرید و فروخت باطل اور کالعدم ہے۔‘‘

(کتاب الامارۃ والقضاء، ووٹ کی شرعی حیثیت،3/507، ط: مکتبۂ بینات)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144507100638

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں