بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

عمرہ کی ادائیگی/ جلد شادی/ گھر کی فروخت کے لیے وظیفہ


سوال

میری منگنی ہوچکی ہے اور میرے والدین میری شادی کرنا چاہتے ہیں اور جلد کرنا چاہتے ہیں؛  کیوں کہ اولاد  میں صرف میں ہی شادی کے لیے رہ چکا ہوں۔ اور ماں باپ بوڑھے ہوچکے ہیں۔  میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہماری بہت غریبی ہے، اور آج کل تو بہت ہی مہنگائی ہے اس مہنگائی کے دور میں شادی کرنا بہت مشکل ہے اور شادی کرنا بھی ضروری ہے؛ کیوں کہ  آج کل معاشرے کے حالات بھی بہت خراب ہیں، تو میرے والد ہمارے اپنے گھر کو بيچنا چاہتے ہیں اور  کسی اور جگہ دو گھر خریدنا چاہتا ہیں، ایک میرے  لیے اور ایک میرے بھائی کے  لیے اور باقی میں میری شادی اور عمرہ کرانا چاہتے ہیں۔ لہٰذا گھر بہت وقت سے پڑا ہوا ہے، بک نہیں  رہا،گاہک بھی نہیں آتے اور اگر آ بھی جائیں  تو قیمت بہت کم لگاتے ہیں۔ پراپرٹی کے ریٹ کے مطابق بھی نہیں ہوتا۔ لہٰذا  کوئی ایسا وظیفہ یا کوئی اورعمل یا چیز فرما دیں؛  تاکہ شادی بھی جلدی ہو سکے اور گھر بھی صحیح اور بہت مناسب قیمت پر بک جائے اور کسی اور صحیح اور اچھی جگہوں میں گھر ہم دونوں بھائیوں کو مل جائےاور میرے والدین عمرہ بھی کر سکیں۔

جواب

 جلد شادی کے لیے وظیفہ:

"ہر نماز کے بعد سات مرتبہ درج ذیل دعا کا اہتمام کریں، نیز چلتے پھرتے بھی پڑھتے رہا کریں: ﴿رَبِّ إنِّيْ لِمَا أنْزًلْتَ إلَيَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِيْرٍ﴾ اورصبح وشام سورہ واقعہ اور سورہ طارق پابندی سے پڑھیں۔"

گھر کے لیے وظیفہ:

"دوارنِ وضو  اور ہر فرض نماز کے بعد تین مرتبہ اس دعا کا اہتمام کریں: "اَللّٰهُمَّ اغْفِرْلِيْ ذَنْبِيْ وَ وَسِّعْ لِيْ فِيْ دَارِيْ وَبَارِكْ لِيْ فِيْ رِزْقِيْ"۔

اس کے علاوہ فجر اور مغرب کی نماز کے بعد سورہ واقعہ اور سورہ طارق پڑھنے کا اہتمام کریں۔ اور قبولیتِ دعا کے اوقات (مثلاً: تہجد کے وقت، مغرب کی اذانوں کے وقت، ہر اذان اور نماز کے درمیان، ہر فرض نماز کے بعد وغیرہ وغیرہ) میں اللہ تعالیٰ سے دعا بھی کرتے  رہیں۔"

عمرہ کی ادائیگی کے وظیفہ: 

"بعض حضرات حرمین شریفین کی حاضری نصیب ہونے کے لیے ہر اذان کے وقت اذان کا جواب، اذان کے بعد کی مسنون دعا، درود شریف اور پھر اس کے بعد تین مرتبہ تلبیہ پڑھنے کو بھی بتلاتے ہیں۔ یہ بھی مجربات میں سے ہے، اس کا اہتمام کرلیں، ان شاء اللہ حج اور عمرہ کی حاضری نصیب ہوجائے گی۔"

نیز  حضرت مولانا اشرف علی  تھانوی رحمہ اللہ نے " اعمالِ قرآنی"  میں حاجت روائی کے لیے ایک عمل لکھا ہے  جو کہ درج ذیل ہے:

"بسم اللہ الرحمن الرحیم بارہ ہزار مرتبہ اس طرح پڑھیں کہ جب ایک ہزار پورے ہوجائیں تو  دورکعت پڑھ کر اپنی حاجت کے لیے دعا کریں ،پھرپڑھنا شروع کریں اور ایک ہزار کے بعد پھر اسی طرح دو رکعت پڑھ کے  دعا کریں ،غرض اسی طرح بارہ ہزار پورے کریں ان شاء اللہ حاجت پوری ہوگی۔"

   فقط واللہ اعلم



فتوی نمبر : 144406100156

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں