بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

25 شوال 1445ھ 04 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

فاریکس ٹریڈنگ کا بائنری سسٹم


سوال

 پاکستان میں ایک موبائل ایپلیکیشن جس کا نام QOUTEX ہے اور اس پر ٹریڈنگ کی جاتی ہے فارکس، کموڈیٹیز (یعنی سونا اور چاندی وغیرہ) اورسٹاکس،Stocks, Forex, Commidities ، جس میں کینڈل اسٹکس  ہوتی  ہیں اور فارکس میں الگ الگ ممالک کی کرنسی کے پیئر ز ہوتے ہیں، جو کہ اوپر اور نیچے جاتی ہیں ہمیں Strategy یعنی ہم اسکی پڑھائی کر سکتے ہیں کہ کس طرح پتہ لگایا جائے کہ اگلی کینڈل کدہر جائے گی ،جس میں کچھ ایسے مومنٹ (Moment) بھی آتے ہیں جو کہ ہمیں پتا ہوتا ہے کہ اب کینڈل اوپر یا نیچے ہی جائے گی جسے ہم (Sureshot)، کہتے ہیں اور اسکی نیوز (Newz) بھی ہوتی ہے کہ اس وقت کینڈل اوپر جائے گی یا نیچے اور کچھ ایسے بھی لوگ ہیں جنہوں نے اسکی پڑھائی بھی کی ہوئی ہے جن کے واٹس ایپ (Whatsapp) گروپ ہوتے ہیں، جس نے یہ سب سیکھا ہوا ہوتا ہے تو وہ ہمیں بتا دیتا ہے کہ اگلی کینڈل کدہر جانے والی ہے جو کہ (%90) صحیح ہوتے ہیں، پھر ہم 5 سیکنڈ سے 1 منٹ تک کا ٹائمر لگا کر اپنی انویسٹمنٹ لگاتے ہیں 280.Rs سے لے کر 280,000.Rs تک ،جو کہ ہماری پڑھائی یا اندازے کے مطابق اگر ہماری مرضی سے اوپر گئی تو ہمیں نفع (Profit) ہو گا اور اگر (Opposite) گئی تو جتنے پیسے ہم نے لگائے تھے سب نقصان میں جائیں گے، اور اس میں کچھ (Indicator) ہوتے ہیں جو کہ ہمیں اشارہ دے رہے ہوتے ہیں کہ اب کینڈل اوپر یا نیچے جانے والی ہے تو اگر ہم Analysis(اندازہ) کر کے ٹریڈ کریں تو یہ حلال ہے یا حرام؟

مزید یہ کہ ہم اس میں کوئی کرنسی خرید تے نہیں ہیں اور اس میں بس ہم کینڈل اوپر اور نیچے جانے میں اپنا منافع نکالتے ہیں۔

وضاحت: مذکورہ طریقہ کار کو Binary trading کہتے ہیں جس میں کرنسی کی خرید و فروخت نہیں ہوتی ،بلکہ کرنسی کے اتار چڑھاؤ کا اندازہ کرکے شرط لگائی جاتی ہے کہ مثلا اگلے چند منٹ میں فلاں کرنسی اتنے فیصد بڑھے گی ،پھر اگر وہ کرنسی بڑھ گئی تو نفع ملتا ہے اور اگر وہ کرنسی نیچےچلی گئی تو نقصان ہوتا ہے۔

جواب

 سائل کی فراہم کردہ معلومات اور دیگر ذرائع  سے حاصل شدہ معلومات سے یہ بات واضح ہوجاتی  ہے فاریکس کے مذکورہ بائنری سسٹم  میں کرنسی کی خرید و فروخت نہیں ہوتی،بلکہ اندازوں  کی بنیاد پر ایک مخصوص وقت کے لئے  سرمایہ لگا کر  یہ شرط لگائی جاتی ہے  کہ فلاں کرنسی کی ویلیو  بڑھ  جائے گی ،پھر اگر اس مخصوص وقت میں متعینہ کرنسی کی ویلیو آپ کے اندازے کے مطابق بڑھ  گئی تو  نفع ملتاہے اور اگر کرنسی کی ویلیو کم ہوگئی تو سارا سرمایہ ضائع ہوجاتاہے ۔

فاریکس ٹریڈنگ کی مذکورہ صورت   ’’جوا ‘‘ ہے جو کہ شرعا حرام ہے ،لہذا مذکورہ طریقہ کار کے مطابق ٹریڈ کرنا اور نفع حاصل کرنا شرعا جائز نہیں ہے۔

قرآن مجید میں ہے :

"يَٰٓأَيُّهَا الَّذِينَ ءَامَنُوْا إِنَّمَا الْخَمْرُ ‌وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنصَابُ وَالْأَزْلٰمُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطٰنِ فَاجْتَنِبُوْهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَ ." [المائدة: 90]          

احکام القرآن للجصاص میں ہے:

"ولا خلاف بين أهل العلم في تحريم القمار وأن المخاطرة من القمار; قال ابن عباس: ‌إن ‌المخاطرة ‌قمار وإن أهل الجاهلية كانوا يخاطرون على المال، والزوجة، وقد كان ذلك مباحا إلى أن ورد تحريمه ."

(باب تحريم الميسر، ج:1، ص:398، ط:دارالكتب العلمية)

فتاوی شامی میں ہے:

"القمار من القمر الذي يزداد تارة وينقص أخرى، وسمي القمار قمارا لأن كل واحد من المقامرين ممن يجوز أن يذهب ماله إلى صاحبه، ويجوز أن يستفيد مال صاحبه وهو حرام بالنص."

(كتاب الحظر والإباحة، فصل في البيع، ج:6، ص:403، ط:سعيد)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144508101223

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں