بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

تلاوتِ قرآن کے وقت وسوسے آئیں تو کیا کرنا چاہیے؟


سوال

قرآن پاک کی تلاوت کے دوران اگر وسوسے آئیں تو قرآن پاک پڑھنا چھوڑ دینا چاہیے کچھ وقت کے لیے یا تلاوت جاری رکھی جائے؟ حدیث کی روشنی میں راہ نمائی فرمائیں۔

جواب

واضح رہے کہ ایسے خیالات پر کوئی مؤاخذہ نہیں ہے جو دل میں آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں ، جب تک کہ یہ خیالات دل میں پختہ نہ ہو جائیں، یا ان پر عمل نہ کرلیاجائے،  لہٰذا صورتِ مسئولہ میں سائل کو ان وساوس کی طرف دھیان نہیں کرنا چاہیے، بلکہ  اسے چاہیے کہ وہ پورےدھیان کے ساتھ تلاوت کرتارہے ،محض وساوس کی وجہ سے قرآن کریم پڑھنا ترک نہ کرے۔

وساوس سے بچنے کے لیے یہ اعمال کیے جائیں :

(1) أعُوذُ بِالله پڑھے (2) اٰمَنْتُ بِاللّٰهِ وَ رَسُوْلِه کا  ورد کرے، (3)  هُوَ الْاَوَّلُ وَالْاٰخِرُ وَالظَّاهِرُ وَالْبَاطِنُ وَهُوَ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيْم (4) نیز    رَّبِّ اَعُوْذُبِكَ مِنْ هَمَزٰتِ الشَّیٰطِیْنِ وَاَعُوْذُ بِكَ رَبِّ اَنْ یَّحْضُرُوْنِ کا کثرت سے ورد بھی ہر طرح کے شیطانی شکوک ووساوس کے دور کرنے میں مفید ہے۔

تاہم  ان وساوس کو دل میں جگہ نہ دی جائے، ان کے مقتضی پر عمل یا لوگوں کے سامنے ان کا اظہار نہ ہو، بلکہ ان کا خیال جھڑک کر ذکر  اللہ کی کثرت کا اہتمام کرنا چاہیے، اور کلمہ طیبہ کے کثرت سے ورد ، نیک اعمال  اور اولیاء اللہ کی صحبت سے ایمانی کیفیات میں تازگی آتی ہے۔

صحیح بخاری  میں ہے :

"عن أبي هريرة رضي الله عنه، عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: «إن الله تجاوز عن أمتي ما حدثت به أنفسها، ما لم تعمل أو تتكلم قال قتادة: «إذا طلق في نفسه فليس بشيء."

(کتاب الطلاق ،باب الطلاق في الإغلاق والكره، والسكران والمجنون وأمرهما، والغلط والنسيان في  الطلاق والشرك وغيره،ج:3،ص:2399،ط:البشریٰ)

فتح الباری میں ہے :

"وأما قوله صلى الله عليه وسلم ‌إن ‌الله ‌تجاوز لأمتي عما حدثت به أنفسها ما لم تكلم به أو تعمل فمحمول على ما إذا لم تستقر."

(كتاب الإيمان، ج:1،ص؛71،ط:دارالمعرفۃ)

فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144308102095

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں