تعویذ گنڈے کا دم اور جس شخص پر تعویذ کیے ہوں اس کا علاج قرآن و سنت کی روشنی میں بتائیں؟
بے شک تعویذ گنڈے اور جادو ایک حقیقت ہے، اور بعض لوگ تعویذ اورجادو کرتے بھی ہیں، اور سبب کے درجے میں اس کا اثر بھی ظاہر ہوتاہے، لیکن اس سے بڑی حقیقت یہ ہے کہ پوری کائنات کے خالق و مالک اللہ تبارک وتعالیٰ ہیں، ان کے حکم کے بغیر دنیا میں ایک ذرہ بھی اپنی جگہ سے حرکت نہیں کرسکتا، اسباب کے خالق بھی وہی ہیں اور اسباب میں تاثیر پیدا کرنے والے بھی وہی ہیں، قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:"وما هم بضارين به من احد الا باذن الله " وہ لوگ کسی کو جادو کے ذریعے نقصان نہیں پہنچاسکتے تھے مگر اللہ کے حکم سے"۔ (البقرہ)
عموماً شیطانی وساوس، انسانی نفسیات، نظرِ بد اور حسد کے اثرات وغیرہ اور بعض اوقات پیشہ ور حضرات، لوگوں کو جادو کے وہم میں مبتلا کردیتے ہیں، ان شیطانی حملوں سے بچاؤ کا وہی طریقہ ہے جس کی تعلیم ہمیں دین نے دی ہے:
1- سب سے بنیادی بات کہ اللہ تعالیٰ کی ذات اور ان کی صفات پر کامل ایمان اور یقین ہو، اللہ کی ذات پر مکمل بھروسہ ہو تو قوتِ ایمانی سے ہی ان شاء اللہ بہت سی شیطانی قوتیں اور نفسیاتی حملے پسپا ہوجاتے ہیں۔
2- پنچ وقتہ نمازوں کی پابندی، ان کی شرائط و احکام کی رعایت رکھ کر ادا کرنے کا اہتمام، جو درحقیقت خالق ومالک سے تعلق مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے، اور جب بندے کا تعلق اللہ سے مضبوط ہوتاہے تو شیطان کا بس اس پر نہیں چلتا۔
3- ہر وقت پاکی کا اہتمام کرنا، با وضو رہنا، اور تلاوتِ قرآنِ کریم کی کثرت، نیز ذکر کی پابندی۔
4- مکمل سورہ بقرہ معتدل آواز میں وقتاً فوقتاً گھر میں تلاوت کرنے کا اہتمام کریں۔
5- قرآنی آیات پر مشتمل "منزل" نامی مجموعہ کی باقاعدگی سے تلاوت، صبح وشام کی حفاظت کی مسنون دعائیں پڑھنے کا اہتمام، (جو مختلف مستند علماءِ کرام نے جمع کرکے شائع کردی ہیں، کسی بھی دینی کتب خانے سے حاصل کی جاسکتی ہیں) ۔
6- درج ذیل اذکار صبح وشام سات سات مرتبہ پابندی سے یقین کے ساتھ پڑھ کر دونوں ہاتھوں میں تھتکار کر سر سے پیر تک اپنے پورے جسم پر پھیردیں، ان شاء اللہ ہر قسم کےسحر، آسیب اور نظرِ بد کے اثراتِ بد سے حفاظت رہے گی:
درود شریف، سورہ فاتحہ، آیۃ الکرسی، سورہ الم نشرح، سورہ کافرون، سورہ اخلاص، سورہ فلق، سورہ ناس اور درود شریف۔
7۔ترمذی شریف میں ہے کہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر جادو ہوا تو جبرائیل علیہ السلام یہ دعا لے کرآئے، لہذا اس دعا کا بھی اہتمام کیا جائے۔
"بِسْمِ اللهِ أَرْقِيكَ مِنْ كُلِّ شَيْءٍ يُؤْذِيكَ، مِنْ شَرِّ كُلِّ نَفْسٍ وَعَيْنٍ حَاسِدَةٍ، بِسْمِ اللهِ أَرْقِيكَ، وَاللهُ يَشْفِيكَ."
ترمذی میں ہے :
"حدثنا بشر بن هلال البصري الصواف ، قال: حدثنا عبد الوارث بن سعيد ، عن عبد العزيز بن صهيب ، عن أبي نضرة ، عن أبي سعيد «أن جبريل» أتى النبي صلى الله عليه وسلم فقال: يا محمد، اشتكيت؟ قال: نعم،
قال: بسم الله أرقيك من كل شيء يؤذيك، من شر كل نفس وعين حاسدة، بسم الله أرقيك، والله يشفيك."
(کتاب الجنائز، باب ما جاء فی التعوذ للمریض، ج:2، ص:293، ط: دار الغربی بیروت)
لہذاتعویذ گنڈے اور جادو سے بچاؤ کے لیے اس دعا کو بھی کثرت سے پڑھنا چاہیے۔ اگر اس کے باوجود افاقہ نہ ہو تو کسی مستند عالمِ دین سے براہِ راست رجوع کرلیجیے۔
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144601100285
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن