بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 شوال 1445ھ 27 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

تصویر والی ٹی شرٹ بیچنا


سوال

بہت سارے لوگ لنڈے  کا کام کرتے ہیں ،مطلب پرانے کپڑے وغیرہ ،اس میں ونٹیج نکلتا ہے ، ونٹیج کا مطلب ہے کہ کوئی  ہاتھ کا بنا ہوا  کپڑا ہو یا پرانا  کپڑا ہو اس کی قیمت زیاده ہوتی ہیں، یہ دوبارہ باہر ممالک جاتا ہے ، اس میں میرا کام ہے  کہ میں ٹی شرٹ یا بنیان کا کام کرتا ہوں، اس میں ونٹیج آتا ہے  جس پر تصویر بنی  ہوتی  ہے، اس میں  اگر کوئی  جتنا بھی پرانا  بنیان  ہو اور اس پر تصویر ہو، اس کی قیمت اتنی  ہی زیادہ  ہوتی ہے، اس میں یہ خاصیت ہے  کہ کسی پرانے  موسیقی گانا  بجانے والے کی تصویر ہو  یا فٹبالر کی تصویر ہو  یا کارٹون ہوں یا کسی اور چیز کی تصویر ہو تو کیا ہم اسے بیچ سکتے ہیں ؟

میں نے یہ مسئلہ اپنے علاقہ والے عالم سے بھی پوچھا  جو کہ مفتی ہیں، انہوں نے بولا کہ آپ بیچ سکتے ہیں۔

ایک وضاحت اور بھی کرتا ہوں کہ کوئی   ایسی تصویر بھی ہوتی  ہے  جو بالکل ہی ننگی  ہو جوکہ سیکس والی تصویر ہوتی ہے ،یہ بھی مہنگی  ہوتی ہے ، کیا ہم اسے بھی بیچ  سکتے ہیں؟ آج کل لنڈا بہت مہنگا ہوگیا ہے، جس میں بچت کرنا بھی مشکل ہوچکا ہے، جو تھوڑی بہت بچت ہوتی  ہے  وہ انہیں تصویروں وا لی ٹی شرٹ میں ہے  ،باقی تو اپنے ریٹ سے بھی مہنگا ملتا ہے ۔

جواب

واضح رہے کہ جن اشیاء پر جاندار کی تصاویر ہوں، ان کی خرید و فروخت کرنے کا یہ حکم ہے کہ اگران اشیاء کی خرید و فروخت سے جاندار کی تصاویر  کی خرید و فروخت مقصود ہو، تو ایسی  اشیاء کی خرید و فروخت ناجائز ہے اور ان سے حاصل ہونے والے منافع بھی ناجائز ہیں اور اگر ایسی اشیاء کی خرید و فروخت سے مقصود  جاندار کی تصاویر کی خرید و فروخت نہ ہو، بلکہ ان اشیاء کی خرید وفروخت مقصود ہو، جن پر جاندار کی تصاویر ہیں اور تصاویر  ضمناً اور تبعاً آگئی ہوں، تو  ایسی  اشیاء  کی خریدو فروخت جائز ہے اور ان سے حاصل ہونے والے منافع بھی جائز ہیں، تاہم اس سے احتیاط کرنا بہترہے  اور  خریدار  کو چاہیے کہ ایسی تصاویر مٹا دے ، اکھاڑ دے ،  کھرچ دے ۔

یہ اُصولی حکم عام تصاویر والی اشیاء کے بارے میں ہے، اگر کسی چیز پر کوئی حیا باختہ تصویر  نمایاں ہو، اور  اس کی خرید و فروخت کے نتیجے میں بے حیائی کی اشاعت ہو تو  ایسی چیز پر  مذکورہ تصویر  ہوتے ہوئے خرید و فروخت کرنا درست نہیں ہوگا۔

صورتِ  مسئولہ میں سائل کی ذکرکردہ تفصیل سے معلوم ہوتاہے کہ جن ٹی شرٹ اور بنیان پر تصویر ہوتی ہیں ان کی قیمت ان تصاویر کی وجہ سے ہی  زیادہ ہوتی ہے اور اسی وجہ سے یہ دوبارہ  باہر ممالک میں  فروخت کی جاتی  ہیں ،تو ان ٹی شرٹ اور بنیان کے بیچنے میں   تصویر کا بیچنا   مقصود ہوا ،لہذا  جاندار اشیاء والی تصاویر اسی طرح فحش مواد پر مشتمل جاندار کی تصویر والی ہر قسم کی  ٹی شرٹ اور بنیان وغیرہ  بیچنا شرعًا جائز نہیں ہے ۔

شرح السیر الکبیر میں ہے:

"ولو وجدوا في الغنائم صليبا من ذهب أو فضة أو تماثيل، أو دراهم، أو دنانير فيها التماثيل، فإنه ينبغي للإمام أن يكسر ذلك كله فيجعله تبرا.لأنه لو قسمه أو باعه كذلك، ربما يبيعه من يقع في سهمه من بعض المشركين بأن يزيدوا له في ثمنه رغبة منهم في لباسه، أو في أن يعبدوه. فليتحرز عن ذلك بكسر الصليب والتماثيل ...فأما الدراهم والدنانير فلا بأس بقسمتها وبيعها قبل أن تكسر. لأن هذا مما لا يلبس، ولكنه يبتذل في المعاملاتألا ترى أن المسلمين ‌يتبايعون ‌بدراهم ‌الأعاجم فيها التماثيل بالتيجان، ولا يمتنع أحد عن المعاملة بذلك. وإنما يكره هذا فيما يلبس أو يعبد من دون الله من الصليب ونحوها.

 وحكم هذه الأشياء كحكم ما لو أصابوا برابط وغيرها من المعازف. فهناك ينبغي له أن يكسرها ثم يبيعها أو يقسمها حطبا. قال: إلا أن يبيعها قبل أن يكسرها ممن هو ثقة من المسلمين يعلم أنه يرغب فيها للحطب لا للاستعمال على وجه لا يحل، فحينئذ لا بأس بذلك.لأنه مال منتفع به. فيجوز بيعه للانتفاع به بطريق مباح شرعا."

(باب ما يحمل عليه الفيء وما يجوز فعله بالغنائم في دار الحرب، ص:1051ط:دار الكتب العلمية)

کفایت المفتی میں ہے:

"تصویروں کا خریدنا بیچنا ناجائز ہے خواہ  وہ چھوٹی ہوں یا بڑی اور بچوں کے کھیلنے کی ہوں یا اور کسی غرض کے لیے ،البتہ ایسی اشیاءجن میں تصویر کا خریدنا بیچنا مقصود نہ ہو ،جیسے دیا سلائی کے بکس کہ ان پر تصویر بنی ہوتی ہے،مگر تصویر کی بیع و شراءمقصود نہیں ہوتی تو ایسی چیزوں کا خریدنا بیچنا مباح ہو سکتا ہے"۔

(9 / 235 ،  ط:دار الاشاعت کراچی)

فقط و الله اعلم


فتوی نمبر : 144406101858

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں