بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

26 شوال 1445ھ 05 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

تشہد پڑھے بغیر سلام پھیرنے کا حکم


سوال

 اگر کوئی شخص بھول کر تشہد پڑھے بغیر سلام پھیر دے تو اس کے سلام پھیرنے سے نماز سے خارج ہوگا یا نہیں ہوگا؟ اگر نماز سے خارج ہوجاتا ہے تو پھر لوٹ کر سجدہ کیسے کر سکتا ہے ؟میرے سوال کا مقصود یہ ہے کہ بغیرتشہد کے سلام پھیرنا آدمی کو نماز سے خارج کرتا ہے یا نہیں؟

جواب

اگر کوئی شخص بھول کر آخری قعدے کا تشہد پڑھے بغیر سلام پھیر دے تو وہ  غلطی سے سلام پھیرنے کی وجہ سے نماز سے خارج نہیں ہوگا اور نہ ہی نماز باطل ہوگی، لہٰذا اگر  آخری قعدے کا تشہد پڑھے بغیر غلطی سے سلام پھیرنے والا شخص نماز کے منافی کوئی کام (مثلًا قبلہ سے  سینہ پھیرنا یا بات چیت کرنا یا کچھ کھانا پینا) کیے بغیر اسی جگہ سے نماز جاری رکھ کر  آخری قعدے میں سجدہ سہو کرلے تو اس کی نماز  ادا ہوجائے گی، لیکن اگرآخری قعدے کا تشہد پڑھے بغیر غلطی سے سلام پھیرنے والے شخص نے سلام پھیرنے کے بعدنماز کے منافی کوئی کام کرلیا، مثلاً  قبلہ کی طرف سے سینہ پھیرلیا یا  کسی سے بات چیت کرلی تو اس صورت میں وہ نماز فاسد ہوجائے گی اور اس نماز کو از سر نو پڑھنا لازم ہوگا۔

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (2/ 91):

"(سلم مصلي الظهر) مثلًا (على) رأس (الركعتين توهمًا) إتمامها (أتمها) أربعًا (وسجد للسهو) لأن السلام ساهيًا لايبطل لأنه دعاء من وجه.

(قوله: توهما) أي ذا توهم أو متوهما (قوله: أتمها أربعا) إلا إذا سلم قائما في غير جنازة كما قدمه في مفسدات الصلاة؛ لأن القيام في غير الجنازة ليس مظنة للسلام فلايغتفر السهو فيه. (قوله: لأنه دعاء من وجه) أي فلذا خالف الكلام حيث كان مبطلًا ولو ساهيًا".

بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع (1/ 164):

"ولو سلم مصلي الظهر على رأس الركعتين على ظن أنه قد أتمها، ثم علم أنه صلى ركعتين، وهو على مكانه ، يتمها ويسجد للسهو أما الإتمام فلأنه سلام سهو فلا يخرجه عن الصلاة.وأما وجوب السجدة فلتأخير الفرض وهو القيام إلى الشفع الثاني".

فقط و اللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108200963

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں