بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

تشہد پڑھنے سے قبل سجدہ سہو کر لینے کا حکم


سوال

اگر کوئی  تشھد یعنی  التحیات پڑھنے سے پہلے  سجدہ سہو کر لے ، تو کیا سجدہ سہو  ادا ہوجائے گا یا نہیں؟ اگر نہیں ہوگا تو جو نماز پڑھی ہے کیا  اس کا اعادہ لازمی ہوگا؟

جواب

اگر کسی شخص پر نماز میں کسی وجہ سے سجدۂ سہو لازم تھا، اور وہ قعدۂ اخیرہ میں جان بوجھ کر تشہد پڑھنے سے پہلے ہی سجدۂ سہو کرلیتا ہے،تو  اس پر دوبارہ  وہ نماز پڑھنا واجب ہے،اوراگر تشھد کی مقدار کے بقدر بیٹھ کرغلطی سے تشہد پڑھنے سے  پہلے ہی سجدہ   کر لے تو اس کا سجدہ سہو ادا ہوجائے گا، اور اس کے اس سجدہ سہو  سے تشہد کو ترک کرنے کی تلافی بھی ہوجائے گی، اور نمازبھی ادا ہوجائے گی اور  نماز کے اعادےکی ضرورت نہیں رہے گی،البتہ اگر تشھد کی مقدار کے برابر بیٹھے بغیر وہ سجدۂ سہو کرلے تو اس پر لازم ہے کہ سجدۂ سہو کے بعد دوبارہ تشہد پڑھ کر سجدہ سہو کرے،اس صورت میں نماز درست ہوجاۓ گی، اور اگر دوبارہ تشہد  پڑھ کر سجدۂ سہو نہیں کیا تو اس کے ذمے اس نماز کا اعادہ لازم ہوگا۔

بدائع الصنائع میں ہے:

"(ومنها) ‌القعدة ‌الأخيرة مقدار التشهد عند عامة العلماء...ثم القدر المفروض من ‌القعدة ‌الأخيرة هو قدر التشهد."

(كتاب الصلاة،فصل أركان الصلاة،113/1،ط:دار الكتب العلمیة)

احسن الفتاوی ميں ہے:

"سوال:زید پر سجدۂ سہو واجب تھا،مگر زید نے بلا التحیات کے سجدۂ سہو کرلیا تو نماز صحیح ہوئی یا نہیں؟یا اعادہ واجب ہوگا؟

جواب:اگر قصداً ایسا کیا تو نماز واجب الاعادہ ہے،اور اگر سہواً ہوگیا تو اس میں یہ تفصیل ہےکہ اگر بقدرِ تشہد  نہیں بیٹھا تو سجدۂ سہو غیر محل میں ہونے کی وجہ سے غیر معتبر ہے،لہٰذا تشہد کے بعد پھر  سجدۂ سہو کرے،اگر نہیں کیا تو نماز واجب الاعادہ  ہوگی اوراگر بقدرِ تشہد بیٹھنے کے بعد سجدۂ سہو کیا ،لیکن نہ تشہد پڑھا اور نہ سلام پھیرا،یونہی سجدہ کرلیا تو نماز صحیح ہوگئی اور وہی سجدہ کافی ہے۔"

(باب سجود السہو،زیرِعنوان:تشہد سے قبل سجدۂ سہو کرلیا،34/4،ط:سعید)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144408101789

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں