بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

دو بہنوں اور آٹھ بھتیجوں میں ترکہ کی تقسیم


سوال

میری خالہ جو کہ غیر شادی شدہ تھیں، ان کا جب انتقال ہوا تو اس وقت ان کے ورثاء میں دو بہنیں اور 8 بھتیجے تھے، ایک بہن انگلستان میں رہتی ہیں، انہوں نے دوسری بہن کو مرحومہ کے ترکہ کے سامان کا مکمل اختیار دے دیا کہ اسے صدقہ کردیں یا رکھ لیں، چنانچہ ترکہ کا کافی سامان صدقہ کردیا گیا اور کچھ بہن نے لے لیا اور اسے اپنی اولاد پر تقسیم کردیا، پھر بعد میں معلوم ہوا کہ اس ترکہ میں بھتیجوں کا بھی حق تھا تو اب ایسی صورت میں کیا کیا جائے؟ آیا مرحومہ کے ترکہ میں ایک گھر جو ابھی تک تقسیم نہیں ہوا، اسے بیچ کر بھتیجوں کو ان کے حصے سے کچھ زائد دے دیں تو کیا ان کا حق ادا ہو جائے گا یا نہیں یا پھر ترکہ کی جو بھی چیزیں بہن نے آگے دی ہیں اور جو موجود ہیں، انہیں واپس کیا جائے گا؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں مرحومہ کی انگلستان میں رہنے والی ایک بہن نے اپنا حصہ صدقہ کرنے کا کہا تھا اور اس کے مطابق دوسری بہن نے کافی ترکہ صدقہ بھی کردیا ہے، اس لیے پہلے بھتیجوں کو ترکہ کے صدقہ کیے جانے کا بتلاکر باقی ترکہ کی تقسیم کی جائے، اگر وہ بھتیجے اس پر راضی ہوں، اگر وہ راضی نہ ہوں تو صدقہ کی جانے والی اشیاء کا بھی انہیں حصہ دیا جائے۔

مرحومہ کے ترکہ کی تقسیم کا شرعی طریقہ یہ ہے کہ مرحومہ کے  حقوقِ متقدمہ یعنی تجہیز و تکفین کے اخراجات نکالنے کے بعد، اگر ان پر کوئی قرض ہو تو اسے ادا کرنے کے بعد، اگر انہوں نے کوئی جائز وصیت کی ہو تو باقی ترکہ کےایک تہائی میں اسے نافذ کرنے کےبعد، باقی متروکہ جائیداد منقولہ وغیر منقولہ کے 24 حصے کرکے مرحومہ کی دو بہنوں میں سے ہر ایک کو 8 حصے اور آٹھ بھتیجوں میں سے ہر ایک کو ایک حصہ ملے گا۔

صورتِ تقسیم یہ ہے:

میت: 3/ 24

بہنبہنبھتیجابھتیجابھتیجابھتیجابھتیجابھتیجابھتیجابھتیجا
111
8811111111

یعنی 100 روپے میں سے مرحومہ کی دو بہنوں میں سے ہر ایک کو 33.333 روپے اور آٹھ بھتیجوں میں سے ہر ایک کو 4.166 روپے ملیں گے۔

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144308100731

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں