بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

6 ذو القعدة 1445ھ 15 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

گرین لیف کمپنی میں کام کا حکم


سوال

میں ایک کمپنی کے ساتھ جوائن ہوں، اس میں جوائن کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ 375 ڈالرز کی شاپنگ کرنی ہوتی ہے یعنی 5 پروڈکٹ کے سٹارٹنگ پیکیج کی بکنگ کروانی ہوتی ہے، تو کمپنی اس بندے کو اپنی تمام پروڈکٹس کا آزاد ہول سیل ڈسٹری بیوٹر بنا دیتی ہے اور 1500 ڈالرز کا ڈسکاؤنٹ واؤچرز لا محدود مدت کے لیے دیتی ہے، جس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ اس ممبر کو ہر پروڈکٹ ڈسکاؤنٹ پر ملتی ہے، جو کہ 10 سے 50 فیصد تک ہے،اور 10 سے 50 فیصد تک ڈسکاؤنٹ والی رقم واؤچرز سے کٹتی ہے، جب تک واؤچرز ہوں تو ڈسکاؤنٹ ملتا رہتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ اگر ممبر کی وجہ سے اور لوگ کمپنی کو جوائن کرتے رہیں تو کمپنی تھوڑا تھوڑا 275 ڈالر واپس کر دیتی ہے۔

دوسرا اس میں نیٹ ورک مارکیٹنگ کا آپشن ہے کہ اگر ممبر جوائن کرواؤ تو 110 ڈالر بونس ملتا ہے، دو ممبر جوائن کروانے ہوتے ہیں،پھر ان دو کی وجہ سے ممبر جوائن ہوئے تو ان کے ساتھ ساتھ پہلے ممبر کو بھی بونس ملتا ہے، پھر وہ جوائن کروائیں گے تو بونس ملے گا۔ جب تک جوائن ہونے کا سلسلہ جاری رہے گا تو بونس ملتا رہے گا،اس کے علاوہ پہلے ممبر کے نیچے والے لوگ اگر شاپنگ بھی کریں گے تو بھی پہلے ممبر کو فائدہ ہوگا، یہ نیٹ مارکیٹنگ والا کام اختیاری ہے،کوئی ممبر بنائے نہ بنائے اپنی مرضی ہوتی ہے،ممبر بننے پر 5 پروڈکٹس اور ڈسکاؤنٹ واؤچرز کا ملنا یقینی ہے،کیا اس کمپنی کو جوائن کرنا جائز ہے؟

وضاحت:مذکورہ  کمپنی کا نام گرین لیف ہے ، چاینہ میں یہ خود پروڈکٹس بناتے ہیں اور ایکسپورٹ کرتے ہیں، 275 ڈالرز بونس کے طور پر واپس آتے ہیں۔

جواب

 صورت ِ مسئولہ میں مذکورہ کمپنی     میں مصنوعات  بیچنا اصل مقصد نہیں ہے، بلکہ ممبر سازی کے ذریعے  کمیشن در کمیشن کاروبار چلانا  اصل مقصد ہے جو  کہ جوئے کی ایک نئی شکل ہے۔  اس کی تفصیل یہ ہے کہ جیسے جوئے میں پیسے لگاکر  یہ امکان بھی ہوتا ہے کہ اسے کچھ نہ ملے اور یہ امکان بھی ہوتا ہے کہ اسے بہت سارے پیسے مل جائیں، اسی  طرح مذکورہ کمپنی سے منسلک ہونے کے بعد کام کرنے میں یہ امکان بھی ہے کہ سائل کو کچھ نہ ملے اور یہ امکان بھی ہے کہ اسے  بونس  مل جائیں۔نیز شرعی طور پر دلال (ایجنٹ) کو اپنی دلالی کی اجرت (کمیشن) ملتی ہے جو کہ کسی اور کی محنت کے ساتھ مشروط نہیں ہوتی، لیکن مذکورہ کمپنی کے ممبر کی اجرت چین بنانے کی صورت میں دوسرے  ما تحت ممبران کی محنت پر مشروط ہوتی ہے جو کہ  شرعاً درست نہیں۔       لہذا نیٹ ورک مارکیٹنگ  پر مشتمل کمپنی  کے ساتھ منسلک ہونا اور دوسروں کو اس میں شامل کراکے کمیشن وصول کرنا، ناجائز ہے۔

نوٹ: اگر مذکورہ کمپنی میں  مصنوعات کی خرید وفروخت ہوتی ہے  تو اس میں مصنوعات کی خریدوفروخت حقیقت میں ہوتی ہے یا صرف تصویر دکھا کر قبضہ میں آنے سے پہلے اس کی خرید وفروخت ہوتی ہے ؟مذکورہ کمپنی  1500 ڈالرزکا ڈسکاؤنٹ واؤچر کس وجہ سے دیتی ہے ؟ان کی مکمل وضاحت کے ساتھ سوال دوبارہ ارسال کریں ۔

البنایہ شرح الہدایۃ میں ہے :

"وقد نهى النبي صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عن بيع الملامسة والمنابذة. ولأن فيه تعليقًا بالخطر".

شرح

م: (تعليقًا) ش: أيتعليق التمليكم: (بالخطر) ش: وفي " المغرب "، الخطر: الإشراف على الهلاك، قالت الشراح: وفيه معنى القمار؛ لأن التمليك لايحتمل التعليق لإفضائه إلى معنى القمار".

(کتاب البیوع ،باب البیع الفاسد،ج:8،ص:158،دارالکتب العلمیۃ)

الموسوعۃ الفقہیۃ الکویتیۃ میں ہے :

"وقال المحلي: صورة القمار المحرم التردد بين أن يغنم وأن يغرم".

(ج:39،ص:404،طبع الوزارۃ)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144401100951

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں