بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

غیر مسلم لڑکی سے شادی کرنے کے بعد اسے تین طلاق دینے کا حکم


سوال

میرے ایک دوست نے ایک غیر مسلم لڑکی سے شادی کی ہے، ابھی وہ مسلمان بھی ہو گئی ہے،  اسکے شوہر نے غصے میں آکر اسے تین طلاق کہا ہے،  کوئی گواہ نہیں ہے۔ اب  اگر اس کو واپس چھوڑا جائے تو ہ واپس اپنے مذہب میں جائے گی،  اس کے لیے کیا حکم ہے؟

جواب

صورت مسئولہ میں اگر مذکورہ لڑکی اہلِ کتاب تھی یعنی کسی آسمانی دین کو مانتے ہوئے کسی نبی کو ماننے والی اور اس نبی کی کتاب کا اقرار کرنے والی مثلاً  یہودی یا عیسائی تھی تو آپ کے دوست کا اس سے نکاح درست تھا، پھر شادی کے بعد غصے میں  تین طلاقیں دیں تو وہ اس پر واقع ہوگئی ہیں اور اب وہ آپ کے دوست پر حرمتِ مغلظہ کے ساتھ حرام ہوگئی ہے۔ دونوں کا ساتھ رہنا  جائز نہیں ہے۔

اور اگر مذکورہ لڑکی اہلِ کتاب میں سے  نہیں تھی بلکہ کسی اور دین سے اس کا تعلق تھا اور اسے مسلمان کیے بغیر نکاح کیا ہے، تو اس سے نکاح منعقد نہیں ہوا تھا اور تعلق ناجائز تھا۔ پھر اگر اس لڑکی کے مسلمان ہونے کے بعد دوبارہ نکاح کیا تھا تو نکاح منعقد ہوگیا تھا پھر اس کے بعد غصے میں دی گئی تین طلاقیں  اس پر واقع ہوگئی ہیں اور وہ لڑکی  آپ کے دوست پر حرمتِ مغلظہ کے ساتھ حرام ہوگئی ہے۔ دونوں کا ساتھ رہنا  جائز نہیں ہے۔ البتہ اگر مسلمان ہونے کے بعد دوبارہ نکاح نہیں ہوا تھا، تو نکاح نہ ہونے کی وجہ سے اس پرطلاقیں بھی واقع نہیں ہوئیں، آپ کے دوست کو چاہیے کہ جتناعرصہ اس کے ساتھ رہا ہے، اس پر توبہ و استغفار کرے؛ آئندہ اس کے ساتھ رہنے کے لیے نکاح کرے ؛ اس کے بعد دونوں کا ساتھ رہنا جائز ہوگا۔

باقی رہی بات اس لڑکی کے ارتداد کی، تو عدت تک شوہر کے گھر میں پردہ کے ساتھ رہے پھر اس کے بعد کسی اور جگہ نکاح کرلے تاکہ اس کی کفالت اور حفاظت ہوسکے۔

فتاوی شامی میں ہے:

"(وصح نكاح كتابية) ، وإن كره تنزيها (مؤمنة بنبي) مرسل (مقرة بكتاب) منزل، وإن اعتقدوا المسيح إلها."

(كتاب النكاح، ج3 ص45، سعيد)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144310100650

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں