بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

22 شوال 1445ھ 01 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

تنخواہ دار آدمی پر زکاۃ


سوال

ایک آدمی پردیس میں ہے اور اس کی تنخواہ ہے اور وہ تنخواہ ہر  مہینے گھر بھیجتا ہے، مطلب یہ کہ  جمع پونجی  کوئی نہیں ہے  اس کے پاس،تو اس کی ہر مہینے کی تنخواہ میں  زکوٰۃ  واجب ہے  یا نہیں ؟اگر ہے تو اس کا  حساب مطلوب ہے؟

جواب

صورتِ  مسئولہ میں  اگر تنخواہ  ماہانہ اخراجات میں صرف ہوجاتی ہے اور رقم پس انداز نہیں ہوتی اور اس کے علاوہ بھی جمع پونجی نہیں ہے، جیسے کہ سوال میں مذکور ہے، تو مذکورہ شخص پر زکات واجب نہیں ہوگی۔

البتہ اگر تنخواہ میں سے رقم بچتی ہے تو دیکھا جائے گا کہ وہ شخص گھر میں جو تنخواہ بھیجتا ہے وہ یہاں موجود افراد (والدین یا بیوی یا کسی اور) کو صرف اخراجات کے لیے بطورِ وکیل دیتا ہے، مالکانہ حقوق کے ساتھ نہیں دیتا، تو  یہاں موجود جس فرد کے پاس یہ رقم ہے، درحقیقت یہ اسی شخص کی ملکیت ہے جو پردیس میں ملازمت کر رہا ہے، پس اگر یہ جمع شدہ رقم   تنہا یا  دیگر رقم ملا کر  ساڑھے باون تولہ چاندی کی مالیت کے برابر ہے یا اس کے ساتھ سونا یا چاندی ملکیت میں موجود ہے اور اور واجب الادا اخراجات اور قرض نکال کر مجموعی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی کے برابر یا اس سے زیادہ ہے ، تو اس شخص پر سالانہ زکات واجب ہوگی۔ اور اگر یہ رقم نصاب سے کم ہے اور اس کے علاوہ سونا چاندی یا اتنی رقم نہیں ہے کہ مجموعی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت تک پہنچ جائے تو اس شخص پر زکات واجب نہیں ہے۔

اور اگر یہ شخص اپنی تنخواہ اپنے گھر پر والدین وغیرہ کو مالکانہ حقوق کے ساتھ بھیج دیتا ہے اور اس کے پاس کوئی جمع پونجی نہیں ہے تو اس شخص پر تو زکات واجب نہیں ہوگی، البتہ جسے یہ رقم بھیجتا ہے اس پر زکات واجب ہونے یا نہ ہونے میں وہی تفصیل ہوگی جو اوپر مذکور ہوئی۔

وفي الفتاوی الهندیة:

"تجب في كل مائتي درهم خمسة دراهم، وفي كل عشرين مثقال ذهب نصف مثقال".

(کتاب الزکاة، الباب الثالث في زکاة الذهب والفضة ... ج:۱،ص:۱۷۸،ط:ماجدیة)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144208200821

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں