بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

معاش کی تنگی دور کرنے کے لیے وظیفہ


سوال

 میں 2 سالوں سے  دبئی سے کینسل ہو کے بیٹھا ہوں، جانے كي   بڑی کوشش کی ہے  مگر ریجیکٹ ہو گیا ہوں،   میں گھر میں کمانے والا ایک  فرد  ہوں،  گھر کا گزر  مشکل سے چل رہا ہے،  کوئی حل بتائیں!

جواب

پنج  وقتہ نمازوں کی پابندی اور استغفار کی کثرت کریں،  نیز فجر اور مغرب کے بعد ایک ایک مرتبہ سورہ واقعہ اور سورہ طارق پڑھیں۔اللہ تبارک وتعالیٰ نے آپ   کی روزی جہاں مقدر کی ہے، وہاں ضرور ملے گی، اور جہاں آپ کا رزق نہیں،  وہاں نوکری بھی نہیں ملے گی، اس لیے بندے کا کام جائز حدود میں رہ کر کوشش کرنا ہے، نتائج اللہ تعالیٰ کے حوالے کردیں، اور عمومی دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ حلال و پاکیزہ اور بابرکت روزی میسر فرمائے،  نیز  درج ذیل معمولات میں سے جو سہولت سے پڑھ سکیں یا سب ہی معمولات پڑھ لیا کریں:

1- ہر نماز کے بعد سات مرتبہ اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کریں:

"أَللّهمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ".

2- جب بھی وضو کیا کریں دورانِ وضو درج ذیل دعا کا اہتمام کیا کریں:

"أللهُمَّ اغْفِرْلِيْ ذَنْبِيْ وَ وَسِّعْ لِيْ فِيْ دَارِيْ وَ بَارِكْ لِيْ فِيْ رِزْقِيْ".

3-  روزگار کے حصول کے لیے فجر کی نماز کے بعد اپنی جگہ پر بیٹھے بیٹھے طلوعِ  آفتاب سے قبل ستر مرتبہ سورۃ الشوری کی آیت نمبر   ۱۹ : ﴿اَللّٰهُ لَطِیْفٌ بِعِبَادِه یَرْزُقُ مَنْ یَّشَآءُ وَهُوَ الْقَوِيُّ الْعَزِیْزَ﴾ کا ورد کریں اور پھر اشراق پڑھ کر اپنے مقصد کے لیے دعا کریں، ان شاء اللہ  مسئلہ حل ہوجائے گا۔

4-  درج ذیل دعا کثرت سے پڑھتے رہیں:

" تَوَكَّلْتُ عَلَی الْحَیِّ الْذِيْ لَایَمُوْتُ، اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِيْ لَمْ يَتَّخِذْ وَلَدًا وَّ لَمْ یَکُنْ لَّهُ شَرِیْكٌ فِي الْمُلْكِ وَ لَمْ یَکُنْ لَّهُ وَلِيٌّ مِّنَ الذُّلِّ وَ كَبِّرْهُ تَکْبِيْرًا."

(معارف القرآن، سورہ بنی اسرائیل)

حضرت ابوہریرہ (رضی اللہ عنہ) فرماتے ہیں: ایک روز میں رسول کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ساتھ باہر نکلا اس طرح کہ میرا ہاتھ آپ کے ہاتھ میں تھا، آپ کا گزر ایک ایسے شخص پر ہوا جو بہت شکستہ حال اور پریشان تھا آپ صلی اللہ علیہ وسلم  نے پوچھا کہ تمہارا یہ حال کیسے ہوگیا؟ اس شخص نے عرض کیا کہ بیماری اور تنگ دستی نے یہ حال کردیا،  آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں تمہیں چند کلمات بتلاتا ہوں وہ پڑھو گے تو تمہاری بیماری اور تنگ دستی جاتی رہے گی وہ کلمات یہ تھے:

" تَوَكَّلْتُ عَلَی الْحَیِّ الْذِيْ لَایَمُوْتُ، اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِيْ لَمْ يَتَّخِذْ وَلَدًا وَّ لَمْ یَکُنْ لَّهُ شَرِیْكٌ فِي الْمُلْكِ وَ لَمْ یَکُنْ لَّهُ وَلِيٌّ مِّنَ الذُّلِّ وَ كَبِّرْهُ تَکْبِيْرًا."

اس کے کچھ عرصہ بعد پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس طرف تشریف لے گئے تو اس کو اچھے حال میں پایا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خوشی کا اظہار فرمایا، اس نے عرض کیا کہ جب سے آپ نے مجھے یہ کلمات بتلائے تھے، میں پابندی سے ان کو پڑھتا ہوں۔ (ابویعلی و ابن سنی از مظہری)فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144210201490

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں