بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 شوال 1445ھ 02 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

طلاق نامہ بنوانے سے بھی طلاق واقع ہو جاتی ہے اگرچہ دستخط نہ کرے۔


سوال

میری بہن کی ایک جگہ شادی ہوگئی ،بعد میں میاں بیوی میں بن نہ سکی ،میری بہن طلاق کا مطالبہ کرتی رہتی تھی،جس پر بہنوئی نے طلاق نامہ بنوایا جو کہ تین طلاقوں پر مشتمل ہے اور لاکر بہن کے ہاتھ میں تھمادیا ،بہن نے دستخط بھی کرلیے،  جب کہ بہنوئی نے نہ زبانی طلاق دی ہے ،نہ طلاق نامہ پر دستخط کیے ہیں، البتہ طلاق نامہ بنوایا ضرور ہے تو کیا طلاق واقع ہوگئی ؟طلاق نامہ منسلک ہے ۔

جواب

صورتِ مسئولہ میں اگر واقعۃً سائل کے بہنوئی نے منسلکہ تین طلاق والا  طلاق نامہ بنوایا ہے تومحض طلاق نامہ بنوانے سے سائل کی بہن پر تینوں طلاقیں واقع ہو گئی ہیں،اور وہ اپنے شوہر پرحرمتِ مغلظہ کے ساتھ حرام ہوگئی ہے،نکاح ختم ہوگیا ہے،اب رجوع جائز نہیں اور دوبارہ  آپس میں نکاح بھی نہیں ہوسکتا،مطلقہ اپنی عدت (پوری تین  ماہواریاں  اگر حمل نہ ہو ،اگر حمل ہو تو بچے کی پیدائش تک) گزار کر دوسری جگہ نکاح کر سکتی ہے۔

الدر المختار مع حاشیہ ابن عابدین میں ہے:

"ولو استكتب من آخر كتابا بطلاقها وقرأه على الزوج فأخذه الزوج وختمه وعنونه وبعث به إليها فأتاها وقع إن أقر الزوج أنه كتابة الخ."

(کتاب الطلاق،مطلب فی الطلاق بالکتابۃ،ج:3،ص:246،ط:سعید)

بدائع الصنائع میں ہے:

"وأما الطلقات الثلاث فحكمها الأصلي هو زوال الملك، وزوال حل المحلية أيضا حتى لا يجوز له نكاحها قبل التزوج بزوج آخر؛ لقوله - عز وجل - {فإن طلقها فلا تحل له من بعد حتى تنكح زوجا غيره}."

 (کتاب الطلاق،فصل فی حکم الطلاق البائن،ج:3،ص:187،ط:سعید) 

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"وإن كان الطلاق ثلاثا في الحرة وثنتين في الأمة لم تحل له حتى تنكح زوجا غيره نكاحا صحيحا ويدخل بها ثم يطلقها أو يموت عنها كذا في الهداية ."

(کتاب الطلاق،الباب السادس فی الرجعۃ وفیما تحل بہ المطلقۃ وما یتصل بہ،فصل فیما تحل بہ المطلقۃ وما یتصل بہ ،ج:1،ص:473،ط:رشیدیہ)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144304100809

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں