آنسہ شین نے اپنے شوہر سے اجازت لیکر اسکول میں ملازمت کی ہوئی ہے ۔ ایک دن شوہر نے اسے کسی مہمان وغیرہ کے آنے کی وجہ سے منع کیا کہ پیر کو تم اسکول نہیں جانا ۔ شین کو اس دن اسکول میں ضروری کام تھا اس نے شوہر سے ضد کی کہ وہ پیر کو اسکول ضرور جائے گی ۔تلخ کلامی ہوئی تو شوہر نے کہہ دیا کہ اگر تم پیر کو اسکول گیئں تو تمہیں طلاق ہوگی ۔ بعد میں شوہر کو احساس ہوا کہ وہ بیوی کو غیر ضروری طور پر اسکول جانے سے منع کررہا تھا اور یہ کہ اس دن اس کا اسکول جانا واقعی بہت ضروری تھا ۔ یہ احساس ہونے کے بعد وہ پیر والے دن آنسہ شین کو خود ہی اسکول چھوڑ کر آیا اور ایسا اس نے اپنی رضا اور خوشی سے کیا ۔ کیا صورت مسئولہ میں شین پر ایک طلاق واقع ہوچکی ؟والسلام احمد بن عبد اللہ
صورت مسولہ میں آنسہ شین کوایک طلاق رجعی واقع ھوچکی ھے، عدت کے دوران رجوع کرلینے کی صورت میں نکاح برقرار رھیگا ورنہ عدت گزر جانے سے نکاح ختم ھوجائیگا ، عورت اپنی مرضی سے جہاں چاھےگی نکاح کر سکے گی،پھلے شوھر کے ساتھ بھی باھمی رضامندی سے نیا مھر مقرر کرکے دوبارہ نکاح کرنا صحیح ھوگا۔ واللہ اعلم
فتوی نمبر : 143407200022
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن