بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

5 ربیع الاول 1446ھ 10 ستمبر 2024 ء

دارالافتاء

 

طلاق کے بعد، رجوع پر گواہ بنانے کی اطلاع بیوی کو دینا ضروری نہیں


سوال

میں نے اپنی بیوی کو ایک طلاق دی اور اس کے کچھ دن بعد میں نے کسی کو گواہ بنا کر لڑکی کے والدین کو رجوع کا پیغام بھیجا کہ میری طرف سے رجوع ہے۔ براہِ راست لڑکی سے بات نہیں کی، نہ گواہ نے براہِ راست لڑکی کو پیغام دیا،  کیا رجوع ​ہوگیا  یا لڑکی کو براہ راست پیغام دینا ضروری ہے؟  جب کہ لڑکی خود بھی اور اس کے والدین بھی لڑکی سے براہ راست نہ  ملنے دیتے ہیں اور نہ ہی فون پر بات کرواتے ہیں!

جواب

بہتر یہ ہے کہ شوہر بیوی کو رجوع کے متعلق بتا دے اور اس رجوع پر دو گواہ بھی قائم کرلے؛ تاکہ عورت اپنے گمان کے مطابق عدت گزار کر کہیں نکاح نہ کرلے، لیکن اگر وہ بیوی کو رجوع کی اطلاع نہیں دیتا تو اس کی چند صورتیں ہیں:

1-  اگر عدت کے اندر شوہر رجوع کا دعوی کرتا ہے (یعنی شوہر نے جب دعویٰ کیا اس وقت عدت مکمل نہیں ہوئی) تو اس کی بات کا اعتبار ہوگا، چاہے بیوی رجوع کی تصدیق کرے یا اس کا انکار کرے۔

2-  اگر شوہر عدت گزر جانے کے بعد   (عدت میں) رجوع کا دعوی کرتا ہے اور بیوی اس کی تصدیق کرتی ہے تو شوہر کی بات کااعتبار ہوگا۔

3-  اگر شوہر عدت گزر جانے کے بعد رجوع کا دعوی کرتا ہے ،بیوی انکار کرتی ہے اور شوہر رجوع پر گواہ پیش کردے تو شوہر کی بات کا اعتبار ہوگا۔

اس تفصیل سے واضح ہوا کہ نفسِ رجوع کے واقع ہونے کے لیے بیوی کو اطلاع دینا یا اس سے رابطہ کرنا ضروری نہیں، تاہم اطلاع دینا بہتر ہے۔

مسئولہ صورت میں اگر دوگواہوں کی موجودگی میں رجوع کرلیا اور گواہ رجوع کی گواہی دے رہے ہوں تو بیوی کی لاعلمی یا انکار کے باوجود  رجوع صحیح ہوجائے گا۔

الدر المختار مع رد المحتار (3/ 401 ):

"(وندب إعلامها بها) لئلا تنكح غيره بعد العدة، فإن نكحت فرق بينهما وإن دخل، شمني. (و ندب الإشهاد) بعدلين ولو بعد الرجعة بالفعل (و) ندب (عدم دخوله بلا إذنها عليها) لتتأهب وإن قصد رجعتها لكراهتها بالفعل، كما مر. (ادعاها بعد العدة فيها) بأن قال: كنت راجعتك في عدتك (فصدقته صح) بالمصادقة (وإلا لا) يصح إجماعاً (و) كذا (لو أقام بينة بعد العدة أنه قال في عدتها: قد راجعتها، أو) أنه (قال: قد جامعتها) وتقدم قبولها على نفس اللمس والتقبيل فليحفظ (كان رجعةً)؛ لأن الثابت بالبينة كالثابت بالمعاينة، وهذا من أعجب المسائل حيث لا يثبت إقراره بإقراره بل بالبينة (كما لو قال فيها: كنت راجعتك أمس) فإنها تصح (وإن كذبته) لملكه الإنشاء في الحال."

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144211200801

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں