بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 شوال 1445ھ 27 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

تبلیغ کو اصل کہنا اور بیعت کو اہمیت نہ دینا


سوال

تبلیغ کا کام جو کرتے ہیں ان کو کسی سے اصلاحی تعلق (بیعت) ہونے کی ضرورت نہیں  ہوتی؟ یا تبلیغ کے کام میں ہی اصلاح ہو جاتی ہے؟ میں اگر کسی تبلیغی ساتھی سے بیعت ہونے کا کہتا ہوں تو وہ یہی سمجھتا ہے کا تبلیغ اصل کام ہے۔  تفصیلی جواب مل جائے تو مہربانی ہوگی!

جواب

ہر انسان پر اپنے نفس کی اصلاح واجب ہے، اس کے لیے جس طرح اور ذرائع ہیں اسی طرح کسی متبع شریعت اللہ والےسے بیعت ہوجانا بھی ایک مؤثر اور کامیاب ذریعہ ہے، ہر ایک کے لیے یہ ضروری تو نہیں ہے، لیکن انسان اگر خود رائی کو  وطیرہ بنالے تو  ذاتی و اجتماعی، دینی و دنیاوی معاملات میں اس سے غلطی کا احتمال زیادہ رہتاہے، جب کہ کسی متبعِ شریعت بزرگ کو اپنا بڑا بناکر اس کی راہ نمائی اور مشورے سے امور انجام دینے میں غلطی اور نقصان کا امکان بہت کم ہوجاتاہے، لہٰذا اگر کسی کو ایسے دین دار اساتذہ اور والدین میسر ہوں جو اس کی ہر موڑ پر راہ نمائی کرتے ہوں، وہ ان کا فرماں بردار ہو اور ان سے گہرا ربط رکھتاہو تو اسے باقاعدہ بیعت ہونے کی ضرورت نہیں ہے، لیکن یہ بات شاذ ونادر کسی کو میسر ہوتی ہے، لہذا بہتر  یہ ہے کہ کسی متبعِ سنت و شریعت بزرگ سے باقاعدہ اصلاحی تعلق قائم کرلیاجائے، اور اگر کوئی سمجھتا ہے کہ اس کی اصلاح صرف کسی سے بیعت ہوکر یعنی کسی کی مریدی اختیار کرلینے سے ہوسکتی ہے تو اس کے لیے کسی متبعِ سنت پیر سے بیعت ہونا ضروری ہے ۔

اس لیے نہ تو بیعت (پیری مریدی) کو مطلقاً لازم اور ضروری کہا جاسکتا ہے اور نہ بالکلیہ اس کی اہمیت و افادیت کا انکار کیا جاسکتا ہے،  ہر شخص کے احوال کے اعتبار سے اس کا حکم مختلف ہوگا۔

باقی دین کے کسی شعبے کو کم نہیں سمجھنا چاہیے، جیسےمروجہ  تبلیغ دین کا شعبہ ہے اسی طرح تصوف و تزکیہ بھی دین کا شعبہ ہے، اور تعلیم و تدریس، تصنیف و تالیف بھی سب دین کے شعبے ہیں،کسی ایک شعبہ کو ہی سارا دین سمجھنااور دوسرے شعبوں کی نفی کرنا سراسر گمراہی ہے۔فقط واللہ تعالی اعلم


فتوی نمبر : 144502100869

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں