میں نے خواب میں دیکھا کہ میں گھاس میں بیٹھا ہوا ہوں اور ایک کتا اور کتیا جنسی تعلق میں ہیں اور میں انہیں دیکھ رہا ہوں۔ اتنے میں ایک اور کتا پیچھے سے میرے کان میں منہ مارتا ہے اور اس کے منہ مارتے ہی میں کہیں پھس جاتا ہوں اور نکل نہیں پاتا۔ اور پھر میں سورۃ الفرقان کی یہ آیت پڑھنا شروع کر دیتا ہوں {ثُمَّ قَبَضْنٰهُ اِلَـيْنَا قَبْضًا يَّسِيْرًا} اور ثُمَّ کی جگہ میں واؤ لگا کے پڑھ رہا ہوتا ہوں اور پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔(میں حافظ قرآن ہوں)۔
پھر کچھ دنوں بعد اک اور خواب دیکھا کہ علاقے کی جامع مسجد کے امام صاحب میرے گھر میں آئے ہوئے ہیں اور وہ مجھ سے کہتے ہیں کہ جائے نماز بچھا دو۔ نماز پڑھنی ہے۔ میں قبلے کی طرف جائے نماز بچھاتا ہوں تو وہ کہتے ہیں کہ یہ قبلہ نہیں ہے، تم نے غلط جائے نماز بچھائی ہے۔ پھر وہ قبلے کے سیدھے ہاتھ کی طرف(شمال کی جانب) جائے نماز بچھا کر نماز پڑھنا شروع کر دیتے ہیں۔ اور سورۃ الفاتحہ کے بعد وہ سورۃ الفرقان کا آخری رکوع پڑھ رہے ہوتے ہیں۔ ان خواب کی تعبیر کیا ہوگی؟
جہاں آپ تعلیم حاصل کررہے ہیں، بدقسمتی سے آپ کو وہاں ایسے دوست ملے ہیں جو خالص شہوت پرست، دنیا پرست خدا سے نڈر طبیعت کے ہیں اور بظاہر مولوی اور دین دار نظر آتے ہیں اور ان کا غلط ماحول آپ پر غالب آچکا ہے ۔ آپ کو تنبیہ مقصود ہے کہ اگر دین ودنیا کی ترقی چاہتے ہو سورۃ فرقان کے آخری رکوع میں اللہ کے نیک بندوں کی جو صفات ہیں وہ صفات اپنے اندر پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ (سورۃ فرقان کے آخری رکوع کے مطالعہ کے لیے تفسیر معارف القرآن مفتی محمد شفیع ؒ کا دیکھنا آپ کے لیے بہت مفید ہوگا) ۔ فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144110201453
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن