بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

6 ربیع الاول 1446ھ 11 ستمبر 2024 ء

دارالافتاء

 

خواب میں کعبہ دیکھنا


سوال

دین دار گھرانے سے ہوں۔ سحری کے بعد سو گیا، دیکھا کہ میں اپنی اہلیہ کے ساتھ حرم مکہ کے صحن میں ہوں اور سامنے بیت اللہ شریف ہے، لیکن فرق یہ ہے کہ ویسا نہیں ہے جیسا اذان وغیرہ کی ویڈیو میں دکھایا جاتا ہے، بلکہ شاید کسی مکان یا بلڈنگ کی اوپری منزل ہے اور صحن حرم بھی اور کعبہ شریف بھی اصل سے چھوٹا اور کم روشن محسوس ہو رہا ہے۔ دوران خواب یہ بھی پتا ہے کہ بیت اللہ میں ہوں اور یہ خیال بھی ہے کہ یہ اصل سے کچھ الگ بھی ہے۔ (میں حج عمرہ پر کبھی نہیں گیا،  سارا مشاہدہ اذان کی ویڈیو اور دوسری دستاویزی ویڈیو اور معتمرین حضرات جو ویڈیو بنا لاتے ہیں اس پر ہے)  بہرحال زبان پر ورد اللہ اکبر کبیراً والحمد للہ کثیراً لا الہ الا للہ جاری ہے اور گمان یہ ہے کہ یہ تلبیہ ہے۔ اسی ورد کے ساتھ  آنکھ کھل گئی اور  یہی ورد زبان پر جاری تھا۔ آنکھ  کھلتے ہی پہلا احساس خوشی کا تھا کہ لبوں پر اللہ تبارک و تعالیٰ کی حمد و ثنا ہے ساتھ دوسرا خیال یہ کہ بیت اللہ اور صحن کا اصل سے کچھ چھوٹا اور کم روشن ہونا ذہن میں پریشانی کا باعث بھی بنا۔ (کم روشن اس طرح کہ جیسےبڑا صحن ہو اور رات کا یا سحری کا وقت ہو اور لائٹس کم ہوں تو تھوڑا تاریکی کا احساس ہوتا ہے۔ جب کہ ویڈیو وغیرہ میں بہت روشن اور وسیع دکھتا ہے۔ ضمناً عرض ہے کہ میں الحمدللہ تعلیم یافتہ ہوں اور ٹیکنالوجی کے شعبہ سے منسلک ہوں۔ الحمدللہ اور والدین کی مہربانی سے درست عقائد ہیں۔ اعمال میں کوتاہی ہے اور داڑھی شرعی نہیں جس کا احساس بھی ہے اور اللہ سے توفیق اور توبہ بھی طلب کرتا رہتا ہوں۔

جواب

بہت اچھا خواب ہے، کعبہ کو دیکھنا ایمان کی ترقی ہے، لیکن اصلی شکل میں نہ پانا: اشارہ اس بات کی طرف ہے کہ آپ کے دل میں علمائے حق کی قدردانی جس طرح ہونی چاہیے اس طرح نہیں ہے، لہٰذا علمائے حق کی دل وجان سے قدردانی کریں اور ان کی تعظیم واحترام کو لا زم سمجھیں۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144109202699

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں