بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

سسرال کے تحفوں اور عدت کے خرچے کا حکم


سوال

اگر تین طلاقیں واقع ہو چکی ہوں تو جو اشیاء سسرال کی طرف سے بطورِ تحفہ دلہن کو دی جائیں، طلاق کے بعد ان اشیاء کا کیا حکم ہو گا؟ طلاق کے بعد عدت کا نفقہ کتنا ہوتا ہے؟

جواب

جو اشیاء لڑکی کو سسرال والوں نے بطورِ تحفہ دی تھیں، اُن اشیاء کی مالک لڑکی ہی ہے، سسرال والوں کا ان اشیاء کو واپس لینا ٹھیک نہیں۔

طلاق دینے کی صورت میں عدت کا خرچہ شرعاً مرد کے اوپر لازم ہے، البتہ اس کی کوئی خاص مقدار متعین نہیں، بلکہ اس میں مرد اور عورت کی حالت کا اعتبار ہے۔ جتنا اس میں وسعت ہو اور عورت کی ضرورت پوری ہوسکے اسی کے بقد ر نان نفقہ واجب ہے۔ لہٰذا اپنی آمدنی اور عورت کے ضروری اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے باہمی رضامندی سے خرچہ متعین کرلیا جائے۔

واضح رہے کہ اگر مطلقہ بیوی عدت کے ایام شوہر کے گھر میں گزارے یا شوہر کی اجازت سے میکے میں گزارے تو دونوں صورتوں میں عدت کا خرچہ دینا شوہر پر لازم ہے اور اگر مطلقہ بیوی شوہر کی اجازت کے بغیر کسی اور جگہ چلی گئی تو عدت کا خرچہ دینا شوہر پر لازم نہیں۔

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"ويعتبر في هذه النفقة ما يكفيها وهو الوسط من الكفاية وهي غير مقدرة؛ لأن هذه النفقة نظير نفقة النكاح فيعتبر فيها ما يعتبر في نفقة النكاح".

( كتاب الطلاق، الباب السابع عشر في النفقات، الفصل الثالث في نفقة المعتدة،  جلد:1، صفحه 558، ط: دار الفكر)

مصنف عبد الرزاق ميں ہے:

"عن الشعبي قال: ‌ليس ‌للعاصية نفقة؟. يقول: «إذا عصت زوجها فخرجت بغير إذنه."

( الطلاق، ‌‌باب الرجل يغيب عن امرأته فلا ينفق عليها،ج:7،ص:95،ط: المجلس العلمي ، رقم: 12352)

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"وإذا بعث الزوج إلى أهل زوجته أشياء عند زفافها منها ديباج فلما زفت إليه أراد أن يسترد من المرأة الديباج ليس له ذلك إذا بعث إليها على جهة التمليك."

( كتاب النكاح،الفصل السادس عشر فی جھاز البنت،جلد:1، صفحہ: 327، طبع: رشیدیہ)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144404101531

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں