بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

سورۃ فاتحہ کے بعد قنوت، آیت الکرسی یا فاتحہ پڑھنا


سوال

کیا سنت (مؤکدہ و غیر مؤکدہ) اور نفل نماز میں فاتحہ کے بعد دعائے قنوت، آیت الکرسی یا دوبارہ  فاتحہ پڑھنا جائز ہے؟

جواب

سنت موکدہ یا غیر موکدہ یا نفل میں سورہ فاتحہ کے بعد دعا قنوت یا آیت الکرسی یا فاتحہ پڑھنے کا حکم مندرجہ ذیل ہے:

۱) سورہ فاتحہ کے بعد دعا قنوت پڑھنا درست نہیں ہے اور ایسا کرنے کی صورت میں سجدہ  سہو کرنا لازم ہوگا؛ کیوں کہ سورہ فاتحہ کے بعد سورہ  یا آیت پڑھنے کا محل تھا اور قنوت پڑھنے کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوگئی۔

۲)  سورہ فاتحہ کے بعد آیت الکرسی پڑھنا درست ہے؛ کیوں کہ آیت الکرسی قرآن کا حصہ ہے اور سورہ فاتحہ کے بعد قرآن کی کوئی بھی آیت پڑھنے کا نمازی کو اختیار ہے۔

۳) سورہ فاتحہ کے  بعد متصلًا دوبارہ سورہ فاتحہ پڑھنا درست نہیں ہے، اگر پڑھ لی تو سجدہ سہو  لازم ہوگا،  اور اگر سورہ فاتحہ کے بعد سورۃ پڑھی پھر سورہ فاتحہ پڑھی تو طریقہ درست نہ ہونے کے باوجود سجدہ سہو لازم نہیں ہوگا۔

بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع میں ہے:

«وروي عن محمد أنه قال فيمن قرأ الحمد مرتين في الأوليين فعليه السهو؛ لأنه أخر السورة بتكرار الفاتحة.

ولو قرأ الحمد ثم السورة ثم الحمد - لا سهو عليه، وصار كأنه قرأ سورة طويلة.»

(کتاب الصلاۃ  فصل بیان سبب وجوب سجدۃ السھو ج نمبر ۱ ص نمبر ۱۶۷،دار الکتب العلمیہ)

الفتاوى الهندية میں ہے:

«ولو قرأ التشهد في القيام إن كان في الركعة الأولى لا يلزمه شيء وإن كان في الركعة الثانية اختلف المشايخ فيه، والصحيح أنه لا يجب، كذا في الظهيرية.

ولو تشهد في قيامه قبل قراءة الفاتحة فلا سهو عليه وبعدها يلزمه سجود السهو وهو الأصح؛ لأن بعد الفاتحة محل قراءة السورة فإذا تشهد فيه فقد أخر الواجب وقبلها محل الثناء، كذا في التبيين ولو تشهد في الأخريين لا يلزمه السهو، كذا في محيط السرخسي.»

(کتاب الصلاۃ باب ثانی عشر ج نمبر ۱ ص نمبر ۱۲۷،دار الفکر)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144209201655

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں