بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

سورۃ الاخلاص، سورۃ الفلق اور سورۃ الناس صبح و شام میں کس وقت پڑھیں؟


سوال

ہم ہر نماز کے بعد کے اذکار میں سورۃ الاخلاص ، سورۃ الفلق اور سورۃ الناس ایک ایک مرتبہ پڑھتے ہیں۔ تین تین مرتبہ عصر کی نماز کے بعد پڑھنا ہوتا ہے یا مغرب کی نماز کے بعد؟ فجر کا تو پتا  ہے مگر شام کی نمازوں میں سے کس نماز کے بعد ان کی تعداد تین تین ہوگی، یہ بتا دیں!

جواب

حدیثِ  مبارک  میں سورۃ  الاخلاص ،سورۃ الفلق اور سورۃ الناس صبح و شام  تین تین مرتبہ پڑھنے کا ذکر ہے ،لہذا صبح کے اوقات میں صبح صادق کے بعد  سے اشراق  تک کسی بھی وقت پڑھ لیں ،البتہ اگر اس وقت میں کسی  وجہ سے رہ جائے تو زوال سے پہلے پہلے تک بھی پڑھ سکتے ہیں  اور   شام  کے اوقات میں عصر کے بعد سے مغرب تک پڑھ لیں ، لیکن اگر اس وقت میں نہ ہوسکیں تو  رات میں سونے سے پہلے  کسی بھی وقت پڑھ سکتے ہیں۔

وفي سنن الترمذي:

"عن معاذ بن عبد الله بن خبيب عن أبيه قال : خرجنا في ليلة مطيرة وظلمة شديدة نطلب رسول الله صلى الله عليه و سلم يصلي لنا قال: فأدركته، فقال: قل، فلم أقل شيئًا، ثم قال: قل، فلم أقل شيئًا، قال: قل، قلت: ما أقول؟ قال: {قل هو الله أحد} و المعوذتين حين تمسي وتصبح ثلاث مرات، تكفيك من كل شيء. قال أبو عيسى: وهذا حديث حسن صحيح غريب من هذا الوجه."

(5/ 567الناشر : دار إحياء التراث العربي - بيروت)

مظاہر حق میں ہے:

’’صبح سے مراد آفتاب طلوع  ہونے تک دن کا بالکل ابتدائی حصہ، شام سے مراد آفتاب کے غروب ہونے کے وقت سے شفق کے غروب ہونے کے وقت تک دن کا بالکل آخری حصہ، لہذا جو دعائیں صبح کے وقت پڑھنے کے لیے منقول ہیں ان کو  چاہے  نمازِ فجر سے پہلے پڑھا جائے چاہے نماز فجر کے بعد، دونوں صورتوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔ اسی طرح شام کے وقت جن دعاؤ ں کا پڑھنا منقول ہے ان کو بھی چاہے مغرب کی نماز سے پہلے پڑھا جائے یا مغرب کے بعد‘‘۔ (مظاہرِ حق، ج:2، ص:561، ط: دار الاشاعت)

فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144207201155

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں