بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

سوسائٹی کے فنڈ کی حیثیت ، پچھلے سالوں سے واجب الاداء رقم کس وقت کی قیمت کے اعتبار سے ادا کرے گا؟


سوال

ایک سوسائٹی ہے ، اس میں ایک کمیٹی قائم ہے،جو  اس سوسائٹی میں رہنے والے  لوگوں سے مختلف کاموں کے لیے فنڈ لیتی ہے اور اگراس سوسائٹی میں واقع کوئی گھر بیچ رہا ہو تو اس سے ایک متعین رقم لیتی ہے، اب اگر کوئی شخص کچھ سالوں تک فنڈ نہ دے اور وہ رقم اس کے ذمہ میں باقی ہوا ور اب اگر وہ فنڈ کی رقم بوجہ مجبوری دینا چاہے،توکون سی قیمت دے گا؟ وہ جو اس وقت اس پر لازم ہوئی تھی ؟یا اب جو لوگ فی الحال ادا کر رہے ہیں ۔ مثلاً اگر 2012سےفنڈ  نہ دے رہا ہو اور اس وقت ماہانہ پانچ ہزار روپے دیے جاتے تھے اور اب وہ دینا چاہے ،جب کہ ماہانہ دس ہزار روپے دیے جاتے ہیں، تو کس حساب سے ادا کرے گا؟ 2012کے اعتبار سے یا آج کے مقرر کردہ رقم کے اعتبار سے؟  

جواب

واضح رہے کہ سوسائٹی کے مختلف کاموں کے لیےباہمی رضامندی سے جو فنڈ طے کیا جاتا ہے ،اس کی حیثیت دَین(قرض) کی ہوتی  ہے ، اور دَین جتنا  لازم ہوتا ہےاتنا ہی ادا کرنا ہوتا ہےاگرچہ مدت طویلہ کے بعد ادا کیا جائے۔

لہٰذاصورتِ مسئولہ میں مذکورہ شخص نے2012سے اب تک سوسائٹی کی جانب سے مقرر کردہ جتنی رقم ادا نہیں کی، تواس کے ذمہ لازم ہے کہ اتنی ہی ادا کرے، اس سے زیادہ  لینا جائز نہیں ،لہٰذا اگر2012ءمیں مثلاً پانچ ہزار روپے ماہانہ طے تھا تو 2020ء میں بھی اس عرصہ کا فنڈ پانچ ہزار کے اعتبار سے ادا کیا جائے گااور اس کے بعد جس سال جو رقم مقرر تھی وہی رقم ادا کرے گا۔  

العنایۃ شرح الھدایہ میں ہے:

’’فإن المديون يجبر على القضاء مع أن الديون تقضى بأمثالها فصار ما يؤدى بدلا عما في ذمته۔‘‘

(کتاب القسمۃ،ج:۹،ص:۴۲۶،ط:دارالفکر)

فقط واللہ أعلم


فتوی نمبر : 144305100459

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں