بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

صرف نکاح نامہ پُر کرنے سے نکاح نہیں ہوتا ۔


سوال

میرے بیٹے کے نکاح کی رسم 22 نومبر2021 کو قرار پائی، نکاح مسجد میں تھا، نکاح نامہ بھرا گیا، دلہن اور دولہا کا نام اور گواہ اور ولی کا نام لکھا گیا، اس کے بعد  دو گواہ اور ولی نکاح نامہ لے کر لڑکی کے گھر گئے اور اس سے نکاح کی اجازت حاصل کی ،لڑکی بالغہ ہے، اس نے اپنی خوشی سے نکاح کی اجازت دی اور نکاح نامہ پر اپنی رضامندی سے دستخط بھی کر دیے، لڑکی کا والد فوت ہوچکا ہے، باقی رشتہ دار سب موجود تھے، نکاح نامہ بھرنے کے بعد اور لڑکی سے نکاح کی اجازت حاصل کرنے کے بعد،  اسی طرح نکاح نامہ پر دستخط کرنے کے بعد  لڑکی کے تایا نے بتایا کہ لڑکی راضی نہیں ہے بلکہ تم نے زبردستی کی ہے، میں یہ نکاح نہیں ہونے دوں گا، اس کے بعد نکاح کی تقریب ختم ہوگئی، سب لوگ گھر چلے گئے، اس نکاح میں امام مسجد اور قاضی صاحب بھی تھے اور قاضی نکاح نامہ امام صاحب اور قاضی صاحب کے پاس ہے اور و نکاح نامہ فریقین میں سے کسی کو نہیں دے رہے۔

آپ رہنمائی فرمائیں کہ نکاح ہوا ہے یا نہیں؟ 

جواب

صورتِ مسئولہ میں سائل کے بقول اگرچہ نکاح نامہ پُر کردیا گیا تھا اور لڑکی سے نکاح کی اجازت بھی حاصل کر لی گئی تھی، لیکن چوں کہ اس کے بعد لڑکے سے ایجاب و قبول نہیں کرایا گیا، بلکہ اس کے بغیر ہی مجلسِ نکاح برخواست ہوگئی تھی، اس لیے شرعاً  نکاح نہیں ہوا، اب اگر دونوں خاندان اس نکاح پر راضی ہیں تو صحیح طریقے سے نکاح کرالیں، چوں کہ پہلا نکاح منعقد ہی نہیں ہوا اس لیے لڑکا یا لڑکی کے گھر والوں کا قاضی صاحب سے نکاح نامے کا مطالبہ کرنا اور اس پر اصرار کرنا درست نہیں، دونوں نکاح پر راضی ہوں تو اسی نکاح نامہ کو برقرار رکھتے ہوئےایجاب و قبول کرالیا جائے۔

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"ینعقد بالایجاب و القبول وضعا للمضی او وضع احدھما للمضی و الآخر لغیرہ۔"

(فتاوی ہندیہ ،المجلد1،کتاب النکاح، الباب الثانی فیما ینعقد بہ النکاح و ما لا ینعقد بہ، ص: 270،ط: مکتبہ رشیدیہ)

فقط و اللہ اعلم


فتوی نمبر : 144305100043

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں