بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 شوال 1445ھ 02 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

شوہر کی توجہ اور گھریلو پریشانیوں کے لیے وظیفہ


سوال

میرے شوہر سعودیہ گئے ہیں اور میرے سسرال والوں نے مجھے شوہر کے جاتے ہی تنگ کرنا شروع کردیا ہے  ، مجھے گھر سے نکال دیا،میرا 9 ماہ کا بیٹا ہے وہ بیٹے کا بھی نہیں پوچھتے، میں بہت پریشان ہوں، برائے مہربانی مجھے کوئی وظیفہ بتا دیں کہ  میرے شوہر مجھ سے رابطہ کر لیں اور میرا اور میرے بیٹے کا خرچہ بھی بھیجنا شروع کر دیں؟

جواب

پنج وقتہ نماز کا اہتمام کیجیے، روزانہ دو رکعت صلاۃ الحاجۃ کی نیت سے پڑھ کر دل سے اصلاحِ احوال کی دعا کریں،اللہ کے ذکر اور قرآن پاک کی روزانہ تلاوت کامعمول بنائیں،نیز ہر قسم کےگناہوں سے بچنے کی کوشش کریں،  اللہ تعالیٰ ضرور راہیں کھول دیں گے، قرآنِ کریم کی اس آیتِ مبارکہ ﴿وَ اَلَّفَ بَيْنَ قُلُوْبِمْ ۚ لَوْ اَنْفَقْتَ مَا فِي الْاَرْضِ جَمِيْعًا مَّا اَلَّفْتَ بَيْنَ قُلُوْبِهِمْ وَ لٰكِنَّ اللّٰهَ اَلَّفَ بَيْنَهُمْ ۚ اِنَّهُ عَزِيْزٌ حَكِيْمٌ﴾کا ہر فرض نماز کے بعد 11بار وِرد کرکے صدقِ دل سے دعا کریں، اللہ تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے دلوں کو جوڑ دیں گے۔ 

نیز مندرجہ ذیل دعاؤں  کا بھی اہتمام فرمائیں :

"لا إلَهَ إلَّا اللَّهُ العَظِيمُ الحَلِيمُ، لا إلَهَ إلَّا اللَّهُ رَبُّ العَرْشِ العَظِيمِ، لا إلَهَ إلَّا اللَّهُ رَبُّ السَّمَوَاتِ ورَبُّ الأرْضِ، ورَبُّ العَرْشِ الكَرِيمِ" .

2.مندرجہ ذیل تسبیح صبح اورشام سات سات مرتبہ پڑھیں :

"حَسْبِىَ اللَّهُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ."

3.عشاء کی نماز کےبعد  1400  بار ’’یَا وَدُوْدُ‘‘ پڑھنے کا اہتمام کریں۔اللہ تعالی ٰ آسانی والا معاملہ فرمائیں گے ۔

صحیح مسلم میں ہے:

"عن قتادة، عن أبي العالية، عن ابن عباس، أن نبي الله صلى الله عليه وسلم كان يقول عند الكرب: «لا إله إلا الله العظيم الحليم، لا إله إلا الله رب العرش العظيم، لا إله إلا الله رب السماوات ورب الأرض ورب العرش الكريم»".

(کتاب الذکر والدعاء والتوبة والاستغفار،باب دعاء الکرب،ج:8،ص:85،رقم الحدیث:2730،ط:دار الطباعة العامرۃ)

سنن ابو داود میں ہے :

"عن أبي الدرداء، قال: من قال إذا أصبح وإذا أمسى: حسبي الله، لا إله إلا هو عليه توكلت، وهو رب العرش العظيم، سبع مرات، كفاه الله ما همه، صادقا كان بها أو كاذبا."

(ابواب النوم،باب ما يقول إذا أصبح،ج:7،ص:415،رقم الحدیث:5082،ط:دار الرسالة العالمية)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144506102612

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں