بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

شوہر کو قابلیت کے موافق نوکری نہ ملنے کا حل اور وظیفہ


سوال

میرے شوہر کی نوکری کا ہمیشہ مسئلہ ہی رہتا ہے اگر نوکری ہوتی بھی ہے تو ایسی ہوتی ہے کہ تنخواہ ان کی قابلیت کے مقابلے میں بہت ہی کم ہوتی ہے ہماری شادی کو 13 سال ہوچکے ہیں اور یہی حالات ہیں؟ مشورہ دیجیے  کہ کیا کروں؟

جواب

اللہ تعالیٰ کی ذات سے مایوس نہ ہوں،  ہر تکلیف و آزمائش اور سہولت وخوشی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے،  اس لیے پریشانیوں اورمصائب کا حل  اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہونے میں ہی ہے، آپ اور آپ کے شوہر پنج وقتہ نمازوں کی پابندی کا اہتمام اور استغفار کی کثرت کریں،  نیز فجر اور مغرب کے بعد ایک ایک مرتبہ سورہ واقعہ اور سورہ طارق پڑھیں۔اللہ تبارک وتعالیٰ نے آپ کے شوہر کی روزی جہاں مقدر کی ہے، وہاں انہیں ضرور ملے گی،   بندے کا کام جائز حدود میں رہ کر کوشش کرنا ہے، نتائج اللہ تعالیٰ کے حوالے کردیں، اور عمومی دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ حلال و پاکیزہ اور بابرکت روزی میسر فرمائے،  نیز ہر نماز کے بعد سات مرتبہ اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کریں:

"أَللّهمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ".

اور جب بھی وضو کیا کریں دورانِ وضو درج ذیل دعا کا اہتمام کیا کریں:

"أللهُمَّ اغْفِرْلِيْ ذَنْبِيْ وَ وَسِّعْ لِيْ فِيْ دَارِيْ وَ بَارِكْ لِيْ فِيْ رِزْقِيْ".

 روزگار کے حصول کے لیے فجر کی نماز کے بعد اپنی جگہ پر بیٹھے بیٹھے طلوعِ  آفتاب سے قبل ستر مرتبہ سورۃ الشوری کی آیت نمبر   ۱۹ : ﴿اَللّٰهُ لَطِیْفٌ بِعِبَادِه یَرْزُقُ مَنْ یَّشَآءُ وَهُوَ الْقَوِيُّ الْعَزِیْزَ﴾  کا ورد کریں اور پھر اشراق پڑھ کر اپنے مقصد کے لیے دعا کریں۔

قرض، روز گار اور دیگر تمام پریشانیوں  سے نجات کے لیے درج ذیل درود شریف 4444 مرتبہ پڑھیں، آپ کے شوہر خود بھی پڑھ سکتے ہیں، اور گھر والے مل کر ایک مجلس میں بھی پڑھ سکتے ہیں، مذکورہ تعداد میں یہ درود شریف پڑھنے کے بعد مسائل کے حل کی دعا کریں، ان شاء اللہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔ 

’’الَلّٰهُمَّ صَلِّ صَلَاةً کَامِلَةً وَسَلِّمْ سَلَامًا تَآمًّا عَلٰی سَیَّدِنَا وَ مَوْلَانَا مُحَمَّدٍ، صَلَاةً  تَنْحَلُّ بِهَا الْعُقَدُ وَ تَنْفَرِجُ بِهَا الْکُرَبُ وَتُقْضٰی بِهَا الْحَوَائِجُ وَ تُنَالُ بِهَا الرَّغَائِبُ وَحُسْنُ الْخَوَاتِيْمِ وَ یُسْتَسْقَی الْغَمَامُ بِوَجْهِهِ الْکَرِیْم وَ عَلٰی آلِهِ وَ أَصْحَابِهِ فِيْ کُلِّ لَمْحَةٍ وَّ نَفَسٍ بِعَدَدِ کُلِّ مَعْلُوْمٍ لَّكَ‘‘. 

نیز  حسبِ توفیق صدقہ نکالنے کا معمول بنالیجیے، اگر پہلے سے معمول ہے تو اسے جاری رکھیے، اور بہتر یہ ہے کہ صدقہ یا تو دینی طلبہ پر خرچ کیجیے، یا اپنے ضرورت مند رشتہ داروں پر، ان شاء اللہ تعالیٰ اللہ رب العزت آپ کے مسائل حل فرمادیں گے۔  فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144203200642

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں