بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

29 شوال 1445ھ 08 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

شوہر کی محبت کیسے حاصل کریں؟


سوال

میرے  شوہر  دوسری لڑکیوں سے رابطے میں ہیں، اور ایک سے ملتے بھی ہیں، اور شادی کے لیے بھی کہہ دیا ہے،لیکن وہ  مطلقہ ہے، شادی نہیں چاہتی،  ہم دونوں کام کرکے گھر چلاتے ہیں۔ان کو دوسری شادی کی استطاعت نہیں۔ 2 بچے ہیں ، شادی کو پانچ سال ہوئے، میں کیا کروں کہ مجھ سے محبت کرنے لگیں؟

جواب

اگر صورتِ حال ایسے ہی ہو جیسا کہ آپ نے لکھا ہے تو  آپ کے شوہر کے لیے دوسری شادی کی اجازت نہیں ہے؛ دوسری شادی کے جائز ہونے  کے لیے ضروری ہے کہ دونوں بیویوں کا نفقہ ادا کرنے کی استطاعت ہو اور دونوں بیویوں کے درمیان برابری کرے، جب وہ اکیلے ایک گھر نہیں چلا سکتے اور آپ کام کرکے ان کا ہاتھ بٹا رہی ہیں تو انہیں سمجھنا چاہیے کہ اس صورتِ حال میں دوسری شادی کرنا بیویوں کے ساتھ ساتھ اپنے ساتھ بھی نا انصافی ہوگا۔

بہرحال حکمت و محبت کے ساتھ اگر آپ خود سمجھا سکیں تو بہتر، ورنہ کسی ایسے فرد سے فہمائش کی کوشش کیجیے جس کی بات آپ کے شوہر قبول کرلیں۔ نیز آپ اپنے اخلاق مزید بہتر کریں، ان کی خدمت کرکے خود کو ان کی ضرورت بنالیں، ان کی جائز خواہشات کا خیال رکھیں۔

قرآنِ کریم کی اس آیتِ مبارکہ ﴿وَأَلَّفَ بَيْنَ قُلُوبِهِمْ لَوْ أَنفَقْتَ مَا فِي الأَرْضِ جَمِيعاً مَّا أَلَّفَتْ بَيْنَ قُلُوبِهِمْ وَلَكِنَّ اللَّهَ أَلَّفَ بَيْنَهُمْ إِنَّهُ عَزِيزٌ حَكِيمٌ﴾ کا ہر فرض نماز کے بعد 11بار ورد کرکے صدقِ دل سے دعا کریں اللہ تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے دلوں کو جوڑ دیں گے۔

 باقی  گھر   میں داخل ہوتے وقت سلام  کرنے کا اہتمام کریں اور یہ دعا پڑھا کریں:

’’اَللّٰهُمَّ اِنِّيۤ اَسْاَلُكَ خَيْرَ الْمَوْلِجِ، وَخَيْرَ الْمَخْرَجِ، بِسْمِ اللّٰهِ وَلَجْنَا، وَبِسْمِ اللّٰهِ خَرَجْنَا، وَعَلَى اللّٰهِ رَبِّنَا تَوَكَّلْنَا‘‘.
ترجمہ: اے اللہ ! میں آپ سے داخل ہونے کی بھلائی  مانگتا / مانگتی ہوں اور نکلنے کی بھلائی مانگتا / مانگتی ہوں، اللہ کے نام سے ہم داخل ہوئے اور اللہ کے نام ہی سے نکلے اور اللہ ہی پر جو ہمارا پروردگار ہے ہم نے بھروسہ کیا۔  (ابوداود)

نیز گھر میں داخل ہوتے وقت سورہ اخلاص پڑھنے کا اہتمام کریں۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108201753

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں