بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

مہر ادا کرنے سے پہلے شوہر کا انتقال ہوگیا اور اس نے کوئی جائیداد نہیں چھوڑی ہو مہر کی ادائیگی کا حکم


سوال

شوہر کا مہر کے ادا کرنے سے پہلے انتقال ہوگیا اور اس نے کوئی جائیداد نہیں چھوڑی جس میں سے مہر ادا کیا جائے ، ایسی صورت میں مہر کہاں سے ادا کریں اور مہر ادا کرنا کس پر واجب ہوگا؟ 

جواب

واضح رہے کہ مہر کی حیثیت قرض کی ہے،لہذا اگر کسی شخص کا انتقال ہوجائے اور اس نے بیوی کا مہر ادا نہیں کیا ہو تو میت کی تمام منقولہ اشیاء (ساز و سامان) اور غیر منقولہ اشیاء(جائیداد) کی مالیت لگا کر سب سے پہلے کفن دفن کے اخراجات کا انتظام کیا جائے گا،پھر اس سے بچنے والی رقم سے(وصیت اور میراث سے پہلے) میت کے قرضوں کو ادا کیا جائے گا،لیکن اگر میت نے اس قدر رقم نہیں چھوڑی جس سے میت کا مہر اور دیگر قرضے ادا کیے جا سکیں تو  قرض داروں کا حق رائیگاں جائے گا،لہذا  بہتر یہ ہے کہ مرحوم کی بیوہ  اپنی خوشی سے چاہے تو اپنے مہر کے عوض  میت کا اتنا ساز و سامان رکھ لیں جو اس کے مہر کی مالیت کے برابر ہو یا انہیں بیچ کر رقم وصول کرلیں اوراگر اتنا سامان نہیں ہے کہ پورا مہر ادا ہوسکے تو جتنا ادا ہوسکتا ہے لے لیں اوربقیہ مہر معاف کردیں ،جس کا انہیں ثواب ملے گا،حدیث میں ہے :

"عن أبي هريرة، أن رسول الله صلى الله عليه وسلم، قال: "من ‌أنظر معسرا، أو وضع له، أظله الله في ظل عرشه يوم القيامة." 

ترجمہ :آپﷺ نے فرمایا :" جس نے تنگ دست کو مہلت دی،یا معاف کردیا،اللہ تعالی اس کو قیامت کے دن اپنے عرش کا سایہ عطا فرمائیں گے۔"

(مسند أحمد،‌‌ مسند المكثرين من الصحابة،‌‌ مسند أبي هريرة رضي الله عنه، ج:14، ص: 329، رقم:8711، ط: مؤسسة الرسالة)

کتاب الاصل للامام محمد ؒ میں ہے:

"وقال أبو حنيفة: إذا مات الرجل وعليه ‌دين ‌ولم ‌يترك ‌شيئا، فكفل ابنه للغريم بماله على الأب الميت، فإن ذلك لا يجوز؛ لأن الحق قد ‌توى."

(‌‌كتاب الحوالة والكفالة،‌‌ باب الكفالة عن الميت، ج: 10، ص: 528، ط: دار ابن حزم)

فقط واللہ أعلم


فتوی نمبر : 144411102233

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں